
نئی دہلی (آئی اے این ایس) مرکز نے ارکان ِ پارلیمنٹ کی تنخواہیں‘ الاؤنس اور پنشن میں اضافہ کردیا ہے۔ اس کا اطلاق پچھلی تاریخ یعنی یکم اپریل 2023 سے ہوگا۔
وزارت ِ پارلیمانی امور نے پیر کے دن اعلامیہ جاری کیا۔ لوک سبھا اور راجیہ سبھا ارکان کی ماہانہ تنخواہ موجودہ ایک لاکھ روپے سے بڑھاکر 1 لاکھ 24 ہزار روپے کردی گئی جبکہ انہیں اب روزانہ 2500 روپے کا الاؤنس ملے گا۔ پہلے یہ الاؤنس 2000 روپے تھا۔
سابق ارکان پارلیمنٹ کا وظیفہ 25 ہزار روپے سے بڑھاکر 31 ہزار روپے ماہانہ کردیا گیا۔ ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں‘ الاؤنس اور پنشن میں اضافہ کا اعلان پارلیمنٹ کے جاریہ بجٹ اجلاس کے بیچ ہوا۔