بی جے پی لیڈر نے بیوی اور 3 بچوں کو گولی ماردی۔ 2 بچے ہلاک (ویڈیوز)

سہارنپور: اترپردیش کے ضلع سہارنپور میں ایک بی جے پی لیڈر یوگیش روہیلا نے اپنی بیوی اور تین بچوں کو گولی ماردی۔ یہ واقعہ گنگوہ پولیس اسٹیشن کے حدود میں پیش آیا۔

عہدیداروں نے بتایا کہ حملہ کے نتیجہ میں یوگیش کا ایک لڑکااور 11 سالہ لڑکی ہلاک ہوگئے جبکہ اس کی بیوی کے علاوہ ایک اور بچے کی حالت نازک ہے۔ پولیس رپورٹس کے مطابق ملزم بی جے پی ایگزیکٹیو ممبر کی حیثیت رکھتاہے۔

اسے جائے واقعہ سے گرفتار کرلیاگیا۔ جرم کے لیے استعمال کردہ پستول برآمد کرلیاگیاہے۔ سینئر پولیس عہدیدار بشمول سہارنپور کے ایس ایس پی روہت سجوان جرم کی اطلاع ملنے پر جائے واقعہ پر پہنچ گئے۔

ایس ایس پی نے بتایا کہ ملزم کو اپنی بیوی کی وفادری پر شک تھا جس کی وجہ سے اس نے مبینہ طور پر یہ انتہائی قدم اٹھایا۔ انہوں نے بتایاکہ یوگیش نے اپنی بیوی کے کردار پر شک کرتے ہوئے اسے اور تین بچوں کو گولی ماردی۔ دو بچے جائے واقعہ پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ بیوی اور تیسرے بچے کو نازک حالت میں سہارنپور ڈسٹرکٹ ہاسپٹل میں شریک کرایاگیا۔

بتایا جاتاہے کہ یوگیش روہیلا گزشتہ چند دن سے غیر معمولی ذہنی دباؤ کا شکار تھا لیکن اس نے اپنی حالت کے بارے میں پڑوسیوں یا اس علاقہ کے کسی اور فرد کو نہیں بتایا۔ یہ خوفناک واقعہ سانگا تھیڑا گاؤں میں پیش آیا جس کی وجہ سے مقامی عوام میں دہشت پھیل گئی۔

پولیس عہدیداروں نے فارنسک ٹیم کے ساتھ اس کیس کی بڑے پیمانہ پر تحقیقات شروع کردی ہیں‘ بتایا جاتاہے کہ جرم کا ارتکاب کرنے کے بعد روہیلا نے خود پولیس کو اطلاع دی۔ جو جائے واقعہ پر پہنچ گئی اور ملزم کو تحویل میں لے لیا۔





[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *