دیویندر یادو نے دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا سے مطالبہ کیا ہے کہ بجٹ اجلاس میں دہلی کے دیہاتوں اور غیر مجاز کالونیوں کی ترقی کے لیے خصوصی پیکج کا انتظام کیا جائے۔


دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو
نئی دہلی: ہفتہ (12 مارچ) کو دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے 28-24 مارچ تک چلنے والے بجٹ اجلاس کے پیش نظر دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا سے مطالبہ کیا ہے کہ ’’دہلی کے دیہاتوں اور غیر مجاز کالونیوں کی ترقی کے لیے خصوصی پیکج بجٹ کا انتظام کیا جائے۔‘‘ انھوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کی گزشتہ 11 سالوں کی تباہی میں دہلی کے گاؤں اور کچی آبادی کی کالونیاں بالکل خستہ حال ہو گئی ہیں، یہاں ترقی کے نام پر کچھ بھی نہیں کیا گیا ہے۔
دیویندر یادو کا کہنا ہے کہ دہلی کے بجٹ میں 1700 غیر مجاز کالونیوں میں ترقی اور عوامی سہولیات کو بہتر کرنے اور دہلی کے دیہی علاقوں کے کسانوں اور دیگر طبقات کے لوگوں کے مطالبات کو ذہن میں رکھ کر بجٹ میں خصوصی سہولت کے تحت اسکیموں کو نافذ کرنا ہوگا۔ یہاں کی سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں، سڑکوں پر گہرے گڈھے ہیں۔ پینے کے پانی کی کوئی سہولت نہیں ہے۔ نالیاں اور گلیاں بدحال ہیں اور پانی کی نکاسی کا مسئلہ بہت پیچیدہ ہے۔ مانسون میں زیادہ بارش ہونے پر صورتحال یہ ہوتی ہے کہ پانی گھروں میں داخل ہو جاتا ہے کیونکہ پانی کی نکاسی میں معاون نالوں کی صفائی سالوں سے نہیں ہوئی ہے۔
دیویندر یادو نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کی حکومت کی ناکامیوں کی وجہ سے دہلی کے دیہاتوں اور غیر مجاز کالونیوں میں رہنے والے لوگ جہنم کی سی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ دہلی کے بجٹ میں دہلی کے دیہی علاقوں کے لوگوں کے لیے لینڈ پولنگ پالیسی کو نافذ کرنے کے مد نظر حکومت مستقبل کے منصوبے کی تجویز کرے تاکہ دیہی علاقوں کے لوگوں کو زمین کا مناسب معاوضہ مل سکے اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ملنے کے ساتھ ساتھ یہاں کے لوگوں کو آگے بڑھنے کے مواقع بھی ملے۔ لینڈ پولنگ پالیسی اور پلانڈ ڈویلپمنٹ پالیسی نافذ ہوگی تو یہاں نئے گھر، اسپتال، اسکول، کالج، پارک وغیرہ جیسی سہولیات عام لوگوں کو ملیں گی۔ دیہی علاقوں میں سماج کے ہر طبقے، کسان، غریب مزدور، ٹرانسپورٹر، دکاندار، پیشہ ور، تاجر، سبھی کو نئی نوکریاں ملیں گی اور لینڈ پولنگ کے آنے سے حکومت کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوگا۔ علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ بجٹ میں 1700 غیر مجاز کالونیوں کو مکمل طور پر ملکیت دینے سمیت یہاں کی بنیادی سہولیات اور ترقی کی طرف توجہ مبذول کر کے بجٹ میں خصوصی سہولیات دی جائے۔