
حیدرآباد (منصف نیوز بیورو) محمد ماجد حسین رکن اسمبلی مجلس نے آج اسمبلی میں وقفہ صفر کے دوران شہر کے مختلف اسمبلی حلقہ جات نامپلی، چارمینار، چندرائن گٹہ، بہادر پورہ، کاروان، یاقوت پورہ میں نلوں سے آلودہ پانی کی سربراہی کا مسئلہ زیربحث لایا۔
انہوں نے کہا کہ اب جبکہ ماہ رمضان جاری ہے، شہر کے کئی محلہ جات میں نلوں سے آلودہ پانی کی سربراہی سے عوام کو سخت مشکلات پیش آرہی ہیں۔ حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس کے عہدیداروں کو کئی مرتبہ توجہ دلائی گئی لیکن اس مسئلہ کو حل کرنے پر کوئی توجہ نہیں دی۔
نامپلی حلقہ کے لکشمی نگر میں سیوریج لائن کا آوٹ لٹ کی مرمت میں عہدیدار ناکام ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے پینے کے پانی کی پائپ لائن میں آلودگی کا مسئلہ پیدا ہورہا ہے۔ گزشتہ ایک سال سے واٹر ورکس عہدیداراس مسئلہ کو حل نہیں کررہے ہیں۔
ماجد حسین نے ذخائز آب میں پانی کے ذخیرہ کی گنجائش میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اب جبکہ آبادی میں ہر جگہ اضافہ ہوا ہے گزشتہ20سال سے ذخائر آب میں پانی کے تحفظ کی جو گنجائش تھی اب بھی وہی ہے۔
جس سے عوام کو پانی کی ناکافی سربراہی سے مشکلات پیش آرہی ہیں۔ پانی کے پریشر کی کمی سے پہاڑی علاقوں میں پانی کی سربراہی برابر نہیں ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان میں عین پانی کی سربراہی کے اوقات میں برقی سربراہی مسدود ہونے سے بھی عوام کو سخت مشکلات پیش آرہی ہیں۔وزیر سیاحت جوپلی کرشنا راو نے تیقن دیا کہ وہ اس مسئلہ کو متعلقہ وزیر سے رجوع کریں گے۔