ماسٹر محمد ارشد نے کہا کہ استاد کا کردار قوم کے معمار ہونے کے ساتھ ساتھ اپنے تمام طلباء کے لیے ایک ایسی شخصیت پیش کرنا ہوتا ہے جس سے بچے نہ صرف تعلیم حاصل کریں بلکہ استاد کے برتاؤ سے بھی سیکھیں۔


بیسٹ ٹیچر کا ایوارڈ حاصل کرتے ہوئے ماسٹر محمد ارشد
نئی دہلی: تعلیم سے علم کی شمع روشن ہوتی ہے اور اس کے ذریعہ سے ہی کامیابی کے راستے ہموار ہوتے ہیں۔ درس و تدریس میں استاد کا اہم کردار ناقابل فراموش ہے۔ اساتذہ ہی قوم و ملت کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ایک استاد اپنے طلباء کے ہمہ جہت ترقی میں اس طرح لگا رہتا ہے جیسے ایک مالی 24 گھنٹے اپنے پودوں کی دیکھ بھال کرتا ہے۔ معلم یا ٹیچر ایک ایسا پیشہ ہے جس کا ہر مذہب، ہر سماج، اور ہر نسل میں اہم مقام ہے۔ استاد صرف قوم کے معمار نہیں، بلکہ اپنے تمام طلباء کے لیے رول ماڈل ہوتا ہے۔ ان باتوں کا اظہار دہلی نگر نگم اسکول یمنا وہار جنرل شاہدرہ شمالی علاقے میں منعقد سائنس میلے میں بہترین تدریسی خدمات انجاد دینے والے اساتذہ کو ڈپٹی کمشنر اور ڈپٹی ڈائریکٹر آف ایجوکیشن رام کشن بھارتی کے ہاتھوں ایوارڈ سے نوازے جانے کے دوران ایک تقریب میں کیا گیا۔ اس موقع پر ڈی آر ڈی او کے سائنسداں سنجے سنگھ اور ڈپٹی ڈائریکٹر آف ایجوکیشن شاہدرہ ساؤتھ راجیو کمار موریہ بھی موجود تھے۔
اس پروگرام میں مشہور اور معروف کیریئر اینڈ گائیڈنس کونسلر و استاد ماسٹر محمد ارشد کو اعزاز سے نواز گیا جو کہ نگم پرتبھا اسکول چوہان بانگر اردو فرسٹ میں ایک عرصے سے اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہیں یہ ایوارڈ ملنا علاقے کے لیے فخر کی بات ہے۔ ان کے پڑھائے ہوئے بچے آج مختلف شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ باوقار ایوارڈ ملنے پر دہلی نگر نگم شکشا سنگھ کے سرپرست ماہپال ماوی نے ماسٹر محمد ارشد کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ محمد ارشد نہ صرف تعلیم و تدریس کے میدان میں اپنا کام بخوبی انجام دے رہے ہیں، بلکہ ہمیشہ معاشرے میں تعلیم کے معیار کو بلند کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
ماسٹر محمد ارشد نے ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ ایوارڈ ملنا اعزاز کی بات ہے، لیکن اس کے ساتھ ذمہ داری بھی بڑھ جاتی ہے۔ میں جس جذبے سے تعلیم و تدریس کے شعبے میں کام کر رہا تھا، اب دگنی طاقت کے ساتھ اپنی خدمت انجام دوں گا۔ انہوں نے اپنا ایوارڈ اپنے طلباء کو پیش کرتے ہوئے کہا کہ استاد کا کام بچوں کو پڑھانا ہے، لیکن جب بچے اس کام کو اپنی محنت اور لگن سے مکمل کرتے ہیں تو اس سے ان کے استاد کا سر فخر سے بلند ہوتا ہے۔ وہ مزید کہتے ہیں کہ استاد کا کردار قوم کا معمار ہونے کے ساتھ ساتھ اپنے تمام طلباء کے لیے ایک ایسی شخصیت پیش کرنا ہوتا ہے جس سے بچے نہ صرف تعلیم حاصل کریں بلکہ استاد کے برتاؤ سے بھی سیکھیں اور وہ تعلیم حاصل کرتے ہوئے اچھے شہری بنیں اور اپنے ملک کی خدمت میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔
اس موقع پر اسکول کی پرنسپل ممتاز بیگم، مینٹر محمد عارف، معلمہ مہر النسا، عالیہ خاتون، راکھی رانی، حسینہ خاتون، سلمہ پروین، شمع یاسمین، الویہ ا نصاری، خویندر چودھری ، محسن منصوری، مدثر رضا، محمد وسیم، نفیس احمد، قاسم علی، سمیت گو سوامی، دانش، عبدالواحید وغیرہ نے بھی ماسٹر ارشد چودھری کو مبارکباد دی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔