کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں بی جے پی رکن اسمبلی نندکشور گوجر کہتے نظر آ رہے ہیں کہ ’’یوپی کی بی جے پی حکومت سب سے بدعنوان حکومت ہے۔‘‘
بی جے پی رکن اسمبلی نندکشور گوجر
بی جے پی حکومتوں پر بدتر حکمرانی اور بدعنوانی کے الزامات کوئی نئی بات نہیں ہے۔ خصوصاً اتر پردیش کی یوگی حکومت کے خلاف تو اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈران ہی نہیں، برسراقتدار طبقہ کے لیڈران بھی آواز اٹھاتے رہے ہیں۔ اب ایک بی جے پی رکن اسمبلی نے یوپی کی بی جے پی حکومت کو سب سے بدعنوان حکومت ٹھہرا دیا ہے۔ رکن اسمبلی کا نام نندکشور گوجر ہے، جن کی ویڈیو کانگریس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر کی ہے۔
3 منٹ 16 سیکنڈ کی ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے کانگریس نے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’یوپی میں بی جے پی کے رکن اسمبلی نندکشور گوجر نے بی جے پی حکومت کی قلعی کھول دی ہے۔ نندکشور گوجر نے کہا ہے کہ- یوپی کی بی جے پی حکومت سب سے بدعنوان حکومت ہے۔‘‘ اس ویڈیو میں نندکشور کہتے دکھائی دے رہے ہیں کہ اتر پردیش میں کاروباریوں کو لوٹا جا رہا ہے، غریبوں کو لوٹا جا رہا ہے اور بغیر پیسہ کوئی بھی کام نہیں ہوتا۔ ریاست میں قتل کا بازار گرم ہونے کا بھی تذکرہ وہ کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ بہن-بیٹیاں گھر سے باہر نہیں نکل پا رہی ہیں، ان کی شکایت پر مقدمے نہیں کلھے جا رہے ہیں۔
اس ویڈیو میں بی جے پی رکن اسمبلی صحافیوں کو سچ دکھانے کی التجا کرتے ہوئے بھی نظر آتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’یوپی میں کوئی رام راج نہیں ہے، باہر کے لوگوں کو سب جھوٹ بتایا جا رہا ہے۔ میں صحافیوں سے ہاتھ جوڑ کر کہتا ہوں- سچائی دکھاؤ۔‘‘ کانگریس نے اس ویڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’بی جے پی رکن اسمبلی نے وہ بات کہی ہے جو یوپی کی حقیقت ہے۔ یوپی میں پھیلے جنگل راج کو گودی میڈیا اور آئی ٹی سیل کے دَم پر ’رام راج‘ بتانے کی سازش کی گئی، لیکن اب حقیقت سب کے سامنے ہے۔‘‘ کانگریس اس پوسٹ میں یہ بھی لکھتی ہے کہ ’’آج یوپی میں عوام بے حال ہے اور ڈبل انجن کی حکومت بدعنوانی کرنے میں مست ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔