ایران اور بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے درمیان جوہری تعاون اور سیاسی چیلنجز

مہر خبررساں ایجنسی، بین الاقوامی ڈیسک؛ ایران نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا ہے کہ ایران اور بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی اس کے پرامن جوہری پروگرام سے متعلق باقی مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور دونوں مل کر کسی بھی قسم کی کشیدگی کو روک سکتے ہیں جو مغربی ممالک خاص طور پر امریکہ کی جانب سے پیدا کی جا رہی ہے۔

اس سلسلے میں ایران کے نائب وزیر خارجہ برائے قانونی اور بین الاقوامی امور، کاظم غریب آبادی نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا کہ ایران بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہے تاکہ باقی مسائل کو حل کیا جا سکے۔ غریب آبادی کے یہ بیانات ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافائل گروسی کے ساتھ اہم ملاقات کے بعد سامنے آئے، جس میں ایران اور ایجنسی کے درمیان جاری تعاون کے مختلف پہلوؤں اور ایران کے ان جوہری مسائل پر بات کی گئی۔

یہ بیانات صرف تکنیکی پہلوؤں تک محدود نہیں بلکہ یہ ایران کے جوہری معاملے کو سیاسی بنانے والے چیلنجز کی طرف بھی اشارہ کرتے ہیں جو بات چیت کے عمل کو پیچیدہ بناتے ہیں۔ اس بات کا ابھی تک واضح جواب نہیں آیا ہے کہ آیا مغرب ایران کی درخواستوں پر غور کرنے کے لیے تیار ہے یا وہ سیاسی دباؤ جاری رکھے گا، جس سے مذاکرات میں حقیقی پیشرفت نہیں ہوپائے گی۔

ایجنسی کے ساتھ جوہری تعاون کی طویل تاریخ

ایران نے اپنے جوہری پروگرام کے آغاز سے ہی جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کے روک تھام کے معاہدے این پی ٹی کے تحت بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ساتھ تعاون برقرار رکھنے کی کوشش کی ہے۔ یہ ایک عالمی ادارہ ہے جو جوہری سرگرمیوں کی نگرانی اور ان کی پرامن ہونے کو یقینی بنانے کا ذمہ دار ہے۔ اس طویل المدت تعاون نے ایران اور ایجنسی کے درمیان باہمی اعتماد کو جنم دیا، حالانکہ مغربی ممالک کی جانب سے اس تعاون کو سیاسی بنانے کی کوششیں بھی کی گئیں، جس کا غریب آبادی نے اپنے حالیہ بیانات میں ذکر کیا ہے۔

جوہری تنصیبات کی سیکیورٹی ناقابل انکار حقیقت

غریب آبادی نے جوہری تنصیبات کی سیکیورٹی کے مسئلے کی جانب اشارہ کیا جو ایک حساس نقطہ ہے۔ ایران کی جوہری تنصیبات کی سیکیورٹی ایک بنیادی مسئلہ ہے جو دونوں فریقوں کے تعاون پر اثر انداز ہو رہا ہے۔ ایران جوہری سیکیورٹی کو محض ایک ضمنی عنصر نہیں بلکہ ایک اسٹرٹیجک ترجیح سمجھتا ہے۔ اس سلسلے میں غریب آبادی نے یہ واضح کیا کہ ایران اپنی تمام جوہری تنصیبات کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے، اور یہ اس کے بین الاقوامی وعدوں میں شامل ہے۔ تاہم یہ مسئلہ اس وقت مزید پیچیدہ ہو جاتا ہے جب اسرائیل اور امریکہ کی جانب سے مستقل دھمکیاں اور خطرات موجود ہوں۔

امریکہ کی دھمکیاں اور الزامات

امریکی حکام کے حالیہ بیانات، خاص طور پر موجودہ حکومت کی جانب سے، جو ایران کو انصار اللہ کے ذریعے یمن میں کیے گئے انتقامی حملوں کا ذمہ دار قرار دیتی ہے، ایک ایسا عنصر ہے جو تہران اور واشنگٹن کے درمیان کسی بھی سنجیدہ بات چیت کے امکانات کو کمزور کرتا ہے۔ یہ بیانات ایک ایسی خارجہ پالیسی کی عکاسی کرتے ہیں جس کا مقصد ایران پر جوہری پروگرام سمیت مختلف معاملات میں دباؤ ڈالنا ہے۔

یمن، جو کئی سالوں سے سعودی اتحاد کے حملوں کا شکار ہے، ایران اور امریکہ کے تعلقات میں ایک حساس نقطہ بن چکا ہے۔ یمن کی جنگ صرف ایک داخلی تنازعہ نہیں ہے بلکہ یہ ایک پراکسی جنگ کا حصہ ہے جس میں علاقائی اور بین الاقوامی طاقتیں ملوث ہیں۔ ایران کو انصار اللہ کی حمایت کرنے والا اہم فریق سمجھا جاتا ہے۔ تاہم یمن کی جانب سے حملوں کا جواب ایران کی ایک اسٹرٹیجک پالیسی نہیں بلکہ یمنی عوام کا اپنا حق دفاع ہے۔ انصار اللہ کے حملے خواہ وہ سعودی اتحاد کی تنصیبات پر میزائل اور ڈرون حملے ہوں یا بحیرہ احمر میں امریکی جنگی جہازوں پر حملے ہوں یہ سب مسلسل تجاوزات کے جواب تھے۔

امریکہ نے غزہ پر حملوں کے خاتمے اور بے گناہ فلسطینیوں کی محاصرے پر توجہ دینے کی بجائے ایران کو یمنی فورسز کے حملوں کا ذمہ دار ٹھہرانا شروع کیا ہے، جسے ایران غیر منصفانہ سمجھتا ہے۔ ایران کا کہنا ہے کہ یہ حملے یمن پر مسلسل حملوں کا جواب ہیں اور ایران کو اس کا ذمہ دار ٹھہرانا ایک سیاسی مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد ایران کی علاقائی پالیسیوں کو محدود کرنا اور امریکہ کی شرائط پر مذاکرات پر ایران کو مجبور کرنا ہے۔

مذاکرات اور ایران کا واضح موقف

ایران نے اس صورتحال میں بات چیت کے حوالے سے ایک واضح موقف اختیار کیا ہے۔ ایران تیار ہے کہ وہ ایجنسی کے ساتھ تکنیکی مذاکرات میں حصہ لے تاکہ باقی مسائل کو حل کیا جا سکے، بشرطیکہ یہ مذاکرات سیاسی دباؤ سے آزاد ہوں۔ ایران کی ایک بنیادی شرط یہ بھی ہے کہ امریکہ کی جانب سے ایران کے خلاف دھمکیاں اور یمن میں حملوں کے لیے ایران کو ذمہ دار قرار دینے والے بیانات کا سلسلہ رک جانا چاہیے۔

ایران بخوبی سمجھتا ہے کہ امریکی اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے سیاسی دباؤ کے تحت کسی بھی جوہری معاہدے کا امکان نہیں ہے۔ اس لیے تہران کا موقف ہے کہ یہ بات چیت احترام کے ماحول میں ہونی چاہیے اور سیاسی کشیدگی سے آزاد ہونی چاہیے۔

کیا اس صورتحال میں بات چیت کا آغاز ممکن ہے؟

یقیناً، امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے ایران پر جاری سیاسی دباؤ میں کوئی بھی جوہری معاہدہ ممکن نہیں ہوسکتا۔ ایران بات چیت کے لیے تیار ہے، مگر یہ بات چیت احترام کے ماحول میں ہونی چاہیے اور دھمکیوں اور الزامات سے پاک ہونی چاہیے جو فریقین کے درمیان اعتماد قائم کرنے میں مددگار نہیں ہیں۔ جوہری معاہدہ صرف ایک سیاسی دستاویز نہیں بلکہ ایران اور مغرب کے تعلقات کی بہتری اور خطے میں امن و استحکام کے لیے ایک سنہری موقع ہے۔ مگر یہ تب ہی ممکن ہو گا جب سیاسی رکاوٹیں دور ہوں اور ایران کی پوزیشن کو کمزور کرنے والی مہم کا خاتمہ ہو۔

اگر جوہری معاہدے کے لیے حقیقی ارادہ موجود ہو، تو بات چیت کی بنیاد فنی، آزاد اور غیر جانبدار تعاون پر ہونی چاہیے۔ تاہم، یہ ابھی واضح نہیں ہے کہ آیا مغرب ایران کی ضروریات کا جواب دینے کے لیے تیار ہے یا وہ سیاسی دباؤ کا سلسلہ جاری رکھے گا، جو کسی بھی حقیقی پیشرفت کو روک دے گا۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *