
چھتر پتی سمبھاجی نگر (پی ٹی آئی) مہاراشٹرا کے ضلع چھترپتی سمبھاجی نگر (اورنگ آباد) کے خلدآباد میں واقع اورنگ زیب کے مقبرہ کو ڈھادینے کے مطالبہ کے بیچ انتظامیہ نے مغل شہنشاہ کی قبر کو ”نو ڈرون“ زون قراردے دیا ہے۔ عہدیداروں نے چہارشنبہ کو یہ بات بتائی۔
پولیس‘ سوشل میڈیا پر ”قابل اعتراض“ پوسٹس کی ٹریکنگ میں مصروف ہے۔ وہ انہیں ڈیلیٹ کرارہی ہے۔ تاحال 500 سے زائد پوسٹس کو ڈیلیٹ کرایا جاچکا ہے۔ ضلع مستقر سے تقریباً 25 کیلو میٹر دور واقع خلدآباد میں اورنگ زیب کا مقبرہ ڈھادینے ریاست گیر مظاہرہ کی تائید کئی سیاستدانوں نے کی۔
ایسے ہی احتجاج کے دوران پیر کے دن ناگپور میں تشدد برپا ہوا۔ ضلع نظم ونسق نے علاقہ میں ڈرون اڑانے پر پابندی لگادی ہے۔ نظم و ضبط کی برقراری کے لئے ٹاؤن میں اسٹیٹ ریزرویشن پولیس فورس کی ایک کمپنی اور 50 دیگر پولیس ملازمین تعینات کردیئے گئے ہیں۔
ضلع کلکٹر دلیپ سوامی نے منگل کے دن اورنگ زیب کے مقبرہ کا دورہ کیا جو محکمہ آثارِ قدیمہ (اے ایس آئی) کے تحت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی افواہوں پر یقین نہیں کرنا چاہئے۔ اسی دوران چھترپتی سمبھاجی نگر میں 10 پولیس والوں اور ایک عہدیدار کی ٹیم دن رات کام کررہی ہے۔
وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمس سے بھڑکاؤ پوسٹس ڈیلیٹ کرانے میں مصروف ہے۔ انسپکٹر سائبر پولیس شیوچرن پنڈھارے نے پی ٹی آئی سے کہا کہ ہیش ٹیاگ عالمگیر اورنگ زیب‘ ٹرینڈکررہا ہے۔ ہم اس پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمس سے تاحال 506 پوسٹس ڈیلیٹ کرائی گئیں۔ 80 افراد کو خبردار کیا گیا کہ وہ بھڑکاؤ مواد پوسٹ نہ کریں۔ اب قابل ِ اعتراض پوسٹ کرنے والوں کے خلاف کیسس درج ہوں گے۔