میرٹھ یونیورسٹی میں نماز کی ادائیگی پر گرفتاری کیخلاف احتجاج، 6 مسلم طلبہ گرفتار

نئی دہلی: اترپردیش کے میرٹھ میں کیمپس میں نماز ادا کرنے پر ساتھی طالب علم کو محروس کرنے کے خلاف آئی آئی ایم ٹی یونیورسٹی میں احتجاج منظم کرنے پر 6 مسلم طلبہ کو گرفتار کرلیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق تقریباً400 طلبہ نے خالد پردھان کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے خاموش احتجاج منظم کیا جس کے نتیجہ میں پیر کے روز پولیس نے یہ کارروائی کی۔ پولیس نے ہجوم کو منتشر کرنے لاٹھیوں کا استعمال کیا جبکہ مظاہرین پرامن احتجاج کررہے تھے۔

ایک طالب علم نے مکتوب میڈیا سے کہا کہ ہماری یونیورسٹی پوجا بھی منعقد کرتی ہے لیکن مسلمانوں کو یہ یکطرفہ اذیت رسانی کیوں جبکہ یہ طالب علم رمضان کے مقدس مہینہ میں روزہ سے تھا۔ حکام نے پیشگی اجازت حاصل نہ کرنے کا حوالہ دیتے ہوئے احتجاج کو غیرقانونی قرار دیا۔ احتجاج کے مقام پر ایک اسٹوڈنٹ لیڈر شان محمد نے پولیس پر الزام عائد کیا کہ اس نے مظاہرین کے ساتھ ناروا سلوک کیا۔

انہوں نے کہا کہ اُن لوگوں نے ہمیں بات چیت کیلئے پولیس اسٹیشن مدعو کیا لیکن بات چیت کرنے کے بجائے ہم میں سے کئی کو حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو کی بنیاد پر یہ کارروائی کی جس میں طلبہ کو نماز پڑھتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ یہ ویڈیو وائرل ہوگیا اور مسلمانوں کے خلاف آن لائن اور آف لائن نفرت انگیز مہم شروع ہوگئی۔

یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ 22 سالہ خالد کو کیمپس میں کھلے مقام پر نماز پڑھنے پر گرفتار کرلیا گیا تھا۔ ان کی گرفتاری کے بعد ہندوتوا گروپس نے اس ویڈیو پر احتجاج بھی کیا جس میں مبینہ طور پر 50 طلبہ کو ہولی سے ایک دن پہلے 13 مارچ کو نماز ادا کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

ہندوتوا قائدین نے قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا اور دعویٰ کیا کہ یہ ویڈیو اختلاف کو ہوا دینے کی ایک کوشش ہے۔ اس کے جواب میں یونیورسٹی انتظامیہ نے خالد اور3 سیکوریٹی ملازمین کو معطل کردیا۔ انہوں نے حکام سے اس کے خلاف کارروائی کرنے کی درخواست کی۔

سپرنٹنڈنٹ پولیس راکیش کمار مشرا نے کہا کہ ہولی کے موقع پر ویڈیو کی اجرائی سے فرقہ وارانہ کشیدگی کے بارے میں اندیشے پیدا ہوگئے۔ سرکل آفیسر صدر دیہات، شیوپرتاپ سنگھ نے خالد کی گرفتاری کی توثیق کی اور کہا کہ آئی آئی ایم ٹی یونیورسٹی کیمپس میں نماز کی ادائیگی کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گشت کرایا گیا۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *