مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے غزہ پر صیہونی حکومت کے تازہ حملوں کو فلسطین میں نسل کشی کا تسلسل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان جرائم کی براہ راست ذمہ داری امریکہ پر عائد ہوتی ہے۔
اسماعیل بقائی نے غزہ کے نہتے عوام پر جاری ان حملوں میں بچوں اور خواتین سمیت سینکڑوں معصوم فلسطینیوں کے قتل عام کی سخت مذمت کی اور کہا کہ یہ سفاکانہ کارروائیاں امریکہ کی مکمل حمایت اور سرپرستی کے بغیر ممکن نہیں۔
بقائی نے مزید کہا کہ تمام ممالک اور اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ غزہ میں ہونے والی نسل کشی اور انسانیت کے خلاف جرائم کو روکیں۔
انہوں نے صیہونی ریاست کے جرائم پر عالمی برادری کی خاموشی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان مظالم میں امریکہ، برطانیہ اور دیگر مغربی ممالک کی شراکت سے عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے اصولوں کی پامالی ہورہی ہے جو عالمی امن و سلامتی کے لیے خطرناک نتائج کا سبب بن سکتی ہے۔
ترجمان نے عالم اسلام کی خصوصی ذمہ داری کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اسلامی تعاون تنظیم سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی عوام کی حمایت میں مؤثر اقدام کرے۔