ایران صنعاء کی پالیسیوں پر اثر انداز نہیں ہوتا، یمنی وزیر خارجہ

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یمنی وزیر خارجہ جمال عامر نے کہا ہے کہ ان کا ملک امریکہ کے ساتھ جنگ میں ہے۔ تہران کا ان کی حکومت کے فیصلوں میں کوئی کردار نہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ انصاراللہ امریکی فوجی دباؤ یا ایران جیسے اتحادیوں کی اپیلوں کے باوجود بحیرہ احمر میں اسرائیلی جہاز رانی کے خلاف اپنی کارروائیاں کم نہیں کرے گی۔

جمال عامر نے مزید کہا کہ غزہ کی ناکہ بندی ختم ہونے سے پہلے کارروائیاں روکنے کی کوئی بات نہیں ہوگی۔ ایران ہمارے فیصلوں میں مداخلت نہیں کرتا البتہ بعض اوقات ثالثی کا کردار ادا کرتا ہے لیکن وہ ہمیں احکامات جاری نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ کچھ دیگر طاقتوں کی جانب سے کارروائیاں کم کرنے کے پیغامات ضرور آئے لیکن اس وقت یمن امریکہ کے ساتھ جنگ میں ہے۔ ہمیں اپنی پوری طاقت کے ساتھ دفاع کرنے کا حق حاصل ہے۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ نے یمن کے مختلف علاقوں پر فضائی حملے کیے۔ گزشتہ ہفتے انصاراللہ نے اعلان کیا تھا کہ فلسطینیوں کی حمایت میں بحیرہ احمر میں کارروائیاں دوبارہ شروع کی جائیں گی۔

ایران نے بھی اس معاملے پر کہا ہے کہ انصاراللہ اپنے فیصلے آزادانہ طور پر کرتی ہے۔ جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ یمن میں حوثیوں کے حملوں کا ذمہ دار ایران کو ٹھہرائیں گے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *