دیویندر یادو کے مطابق یہ تشویشناک امر ہے کہ مشینوں کے ذریعہ گٹر کی صفائی کے نام پر کروڑوں روپے خرچ ہونے کے باوجود راجدھانی میں گٹر کی دستی صفائی ہوتی ہے، جس میں بے قصور لوگوں کی موت ہو جاتی ہے۔


دیویندر یادو / تصویر آئی این سی
نئی دہلی: منگل (18 مارچ) کو دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے کہا کہ ملک کی راجدھانی میں گٹر کی دستی صفائی حکومت کی سب سے بڑی ناکامی ہے۔ نیو فرینڈز کالونی میں گٹر کی دستی صفائی کرتے ہوئے پنتھ لال کی موت ہو گئی اور رام کشن و شیو داس کی حالت نازک ہے۔ لیکن دہلی جل بورڈ یہ کہہ کر ذمہ داری سے بھاگنا چاہ رہی ہے کہ یہ بغیر اجازت کے مین ہول میں اترے اور یہ دہلی جل بورڈ کے مستقل یا کانٹریکٹ ملازمین نہیں ہیں۔ یہ بیان مکمل طور پر بے حسی اور انسانیت کے خلاف ہے۔ علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ دہلی کانگریس مطالبہ کرتی ہے کہ پنتھ لال کی موت اور شدید طور پر زخمی ملازمین کو معاوضہ دینے کے لیے وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا خود مداخلت کریں۔
دیویندر یادو نے کہا کہ یہ تشویشناک امر ہے کہ مشینوں کے ذریعہ گٹر کی صفائی کے نام پر کروڑوں روپے خرچ ہونے کے باوجود راجدھانی میں گٹر کی دستی صفائی ہوتی ہے، جس میں بے قصور لوگوں کی موت ہو جاتی ہے۔ جب کہ گٹروں کی مشینی صفائی کے لیے پیشہ ورانہ تربیت یافتہ لوگوں کے ذریعہ کی جانی چاہیے جو کہ میونسپلٹی اور متعلقہ محکمہ کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی جل بورڈ کے معاہدہ شدہ ٹھیکیدار کے ذریعہ گٹر کی صفائی کا کام کیا جا رہا تھا، جس کی پوری ذمہ داری دہلی جل بورڈ کی ہے۔ یہ انتہائی سنگین بات ہے کی بغیر حفاظتی سامان کے یہ لوگ گٹر کی صفائی کرنے اترے۔ جب کام کا ٹھیکہ دہلی جل بورڈ نے دیا تو یہ ذمہ داری بھی دہلی جل بورڈ کی ہے کہ کیسے بغیر حفاظتی سامان کے لوگ گٹر میں صفائی کے لیے اترے۔
دیویندر یادو نے کہا کہ بی جے پی کارپوریشن میں 15 سال اقتدار میں رہی، 11 سالوں سے مرکز میں ہے اور حال ہی میں دہلی میں بی جے پی کی نئی حکومت بنی ہے۔ بی جے پی ہمیشہ غریبوں، دلتوں اور محروموں کے مفادات کے تحفظ کے معاملے میں کبھی حساس نہیں رہی ہے۔ یہ عالمی طور پر تسلیم شدہ ہے کہ صفائی کے کام سے زیادہ تر غریب، دلت اور پسماندہ طبقے کے لوگ ہی منسلک رہتے ہیں اور بی جے پی ہمیشہ غریب مخالف پالیسی پر کام کرتی ہے۔ راجدھانی میں گزشتہ 15 سالوں میں گٹر کی دستی صفائی کرنے والے 94 لوگوں کی موت ہو چکی ہے جو کہ بہت سنگین معاملہ ہے۔ علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ صفائی کارکن ممانعت ایکٹ 2013 کو نافذ کرنے اور ان کی بازآبادکاری کرنے میں عام آدمی پارٹی اور بی جے پی کی دہلی حکومت پوری طرح ناکام رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔