سچے دل سے توبہ کرنے والوں کیلئے مغفرت کے دروازے کھل جاتے ہیں: مولانا حافظ پیر شبیر احمد

حیدرآباد: جمعیۃ علماء تلنگانہ کے صدر حضرت مولانا حافظ پیر شبیر احمد صاحب نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ رمضان المبارک کے عشرۂ رحمت کے اختتام کے ساتھ ہی عشرۂ مغفرت کا آغاز ہو چکا ہے۔ یہ دوسرا عشرہ گناہوں کی معافی اور بخشش کا عشرہ کہلاتا ہے، جس میں اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کی مغفرت فرماتا ہے اور توبہ کے دروازے کھول دیتا ہے۔

مولانا پیر شبیر احمد نے کہا کہ رمضان المبارک کو تین عشروں میں تقسیم کیا جاتا ہے، اور ہر عشرہ اپنی مخصوص فضیلت اور برکات کا حامل ہوتا ہے۔ حدیث شریف میں نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ رمضان کا پہلا عشرہ رحمت، دوسرا عشرہ مغفرت، اور تیسرا عشرہ جہنم سے نجات کا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دوسرے عشرے کا مقصد انسان کو اپنی کمزوریوں اور گناہوں کا احساس دلانا ہے، تاکہ وہ اخلاص کے ساتھ توبہ کرے اور اپنی زندگی میں بہتری لائے۔ اس عشرے میں دعا اور استغفار کی قبولیت پر خصوصی زور دیا گیا ہے، اور یہ اللہ تعالیٰ کے قریب ہونے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔

مولانا نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوسرے عشرے میں عبادت کا زیادہ سے زیادہ اہتمام کرنا چاہیے، کیونکہ یہ لیلۃ القدر کی تیاری کا عشرہ بھی ہے۔ عبادت گزاروں کو چاہیے کہ وہ روزانہ کثرت سے استغفار پڑھیں، نوافل، تہجد اور دعا میں اضافہ کریں، درود شریف اور قرآن پاک کی تلاوت کو معمول بنائیں، اپنے دل کو صاف کریں اور دوسروں کو معاف کریں، اور صدقہ و خیرات کریں کیونکہ یہ گناہوں کی معافی کا ذریعہ ہے۔

مولانا نے کہا کہ اس ماہ مقدس میں ہر مسلمان حسب استطاعت روزہ داروں کو افطار کروا کر دوہرا اجر حاصل کر سکتا ہے۔ حضرت زید بن خالد جھنیؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا، جس نے کسی روزہ دار کو افطار کروایا، اس کو روزہ دار کے مثل اجر ملے گا اور روزہ دار کے ثواب میں کوئی کمی نہیں کی جائے گی۔

مولانا پیر شبیر احمد نے تاکید کی کہ رمضان المبارک میں بازاروں میں فضول گھومنے پھرنے اور غیر ضروری خریداری سے اجتناب کریں، کیونکہ اس سے قیمتی اوقات ضائع ہو جاتے ہیں اور اعمالِ صالحہ سے محرومی کا خدشہ ہوتا ہے۔ آخر میں مولانا نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو رمضان المبارک کی قدر کرنے اور زیادہ سے زیادہ نیک اعمال کی توفیق عطا فرمائے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *