
کویتا کی پرینکا گاندھی پر سخت تنقید
بی آر ایس قائد نے پرینکا گاندھی کو یاد دلایا بھولا بسرا وعدہ!
18 سالہ لڑکیوں کی اسکوٹیز کہاں گئیں؟ رکن کونسل کا سوال
تلنگانہ کونسل کے باہر بی آر ایس ایم ایل سیز کا احتجاج
تلنگانہ قانون ساز کونسل کے احاطے میں آج بی آر ایس کے ایم ایل سیزنے رکن کونسل کلواکنٹلہ کویتا کی قیادت میں احتجاج منظم کرتے ہوئے کانگریس کو اس کے انتخابی وعدے یاد دلائے۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں اسکوٹیز کے پلے کارڈز تھام رکھے تھے اورپرینکا گاندھی سے 18 سالہ لڑکیوں کے لیے اعلان کردہ اسکوٹیز کی عدم فراہمی پر سوالات اٹھائے۔
بی آر ایس ایم ایل سی کویتا نے تلنگانہ کی نوجوان خواتین سے کیے گئے وعدے پر کانگریس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور پرینکا گاندھی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، ”18 سالہ لڑکیوں کے لیے اسکوٹیز کہاں ہیں؟”۔ انہوں نے واضح کیا کہ کانگریس نے انتخابات کے دوران بڑے بڑے دعوے کیے، لیکن اقتدار میں آتے ہی اپنے ہی وعدے فراموش کر دیے، جس سے عوام، خاص طور پر نوجوان خواتین، کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔
بی آر ایس اراکین نے کانگریس حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اس پر تلنگانہ کی بیٹیوں کے ساتھ دھوکہ دہی کا الزام عائد کیا۔ ایم ایل سی کویتا نے کہا کہ کانگریس کو اپنے جھوٹے وعدوں کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے کی سیاست ترک کرنی چاہیے اور فوراً اپنے انتخابی وعدے پورے کرنے چاہئیں۔