ہولی کے جشن کے دوران راجستھان میں ایک شخص کو ہلاک کردیا گیا (ویڈیو)

جئے پور: راجستھان کے ضلع دوسہ میں جمعرات کے روز ہولی کے جشن سے پہلے زبردستی رنگ لگانے کے خلاف مزاحمت کرنے پر ایک 25 سالہ شخص پر حملہ کرتے ہوئے اُس کا گلا گھونٹ دیا گیا۔

رلواس گاؤں کے ساکن اشوک، بابو اور کالو رام ایک مقامی لائبریری پہنچے جہاں مہلوک ہنس راج پڑھائی میں مصروف تھا۔ انھوں نے اسے رنگ لگانے کی کوشش کی۔ انکار کرنے پر انھوں نے ہنس راج کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کردیا۔ پولیس کے مطابق ہنس راج ایک مسابقتی امتحان کی تیاری میں مصروف تھا۔

ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (اے ایس پی) دنیش اگروال نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ ہنس راج نے اپنے جسم پر رنگ ملنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا، جس پر اُسے لاتیں رسید کی گئیں اور بیلٹ سے پیٹا گیا۔

ایک ملزم نے ہنس راج کا گلا گھونٹ دیا جس کی وجہ سے اُس کی موت ہوگئی۔ متوفی کے ارکانِ خاندان اور دیہاتیوں نے ہنس راج کی لاش کے ساتھ احتجاج کیا اور اِس علاقہ میں قومی شاہراہ کو رات ایک بجے تک مسدود کردیا۔ احتجاجیوں نے ہنس راج کے خاندان کو 50 لاکھ روپئے معاوضہ، ایک رکن خاندان کو سرکاری ملازمت دینے اور تینوں ملزمین کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

پولیس کے تیقن کے بعد لاش کو آخر کار ہائی وے سے ہٹایا جاسکا۔ یہ واقعہ لائبریری میں نصب سی سی ٹی وی کیمرہ میں قید ہوگیا تھا اور یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگا۔ اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہنس راج لائبریری کے باہر بیٹھا ہوا ہے۔ تینوں ملزم وہاں پہنچتے ہیں۔ چند ہی سکنڈ میں ان کے درمیان جھگڑا شروع ہوجاتا ہے۔ ایک ملزم کو بیلٹ کے ساتھ ہنس راج کا گلا گھونٹتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ 25 سالہ شخص فوری ڈھیر ہوجاتا ہے۔





[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *