اشرار کی ٹولی نے طالبات پر رنگ پھینک دیا۔ کیمیکل آلود رنگوں سے لڑکیوں کی حالت نازک، ہاسپٹل میں شریک(ویڈیو)

گدگ (آئی اے این ایس) کرناٹک کے ضلع گدگ کے لکش میشور ٹاؤن میں ہولی کے جشن کے دوران ایک افسوسناک واقعہ میں اشرار کی ایک ٹولی نے کیمیکل آلود رنگ پھینکا، جس کے نتیجہ میں کم از کم 7 اسکولی طالبات کو ہاسپٹل میں شریک کرانا پڑا۔

7 کے منجملہ 4 لڑکیوں کی حالت نازک ہے۔ انھیں سانس لینے میں دشواری اور سینہ میں درد کی شکایت ہے۔ انھیں مزید علاج کے لیے گدگ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس منتقل کیا گیا، جب کہ باقی لڑکیوں کا لکش میشور کے سرکاری ہاسپٹل میں علاج جاری ہے۔

اس واقعہ پر عوام میں برہمی پھیل گئی۔ متاثرہ لڑکیوں کے والدین ہاسپٹل پہنچ گئے۔ کیس کی سنگینی کے مد ِ نظر پولیس نے اشرار کی ٹولی کی تلاش شروع کردی ہے۔ پولیس کے مطابق یہ لڑکیاں لکش میشور ٹاؤن کے سوورنا گری تانڈہ میں بس اسٹینڈ کے قریب بس کا انتظار کررہی تھیں۔

آج اُن کا امتحان ہونے والا تھا۔ اسی دوران اشرار کی ایک ٹولی موٹر سائیکلوں پر وہاں پہنچی، بس اسٹینڈ کے قریب رکی اور انھوں نے لڑکیوں پر رنگ پھینکنا شروع کردیا۔ اسکول بس وقت پر پہنچ گئی اور لڑکیاں کسی طرح اس میں سوار ہونے میں کامیاب رہیں۔

بہرحال اس ٹولی نے موٹر سائیکلوں پر بس کا تعاقب کیا، گاڑی میں سوار ہوئے اور خاص طور پر 7 طالبات کو نشانہ بنایا اور اُن پر کیمیکل آلود رنگ پھینکا۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ اس محلول میں گائے کا گوبر، انڈے، فینال اور رنگ ملے ہوئے تھے۔ اس کی کچھ مقدار لڑکیوں کے پیٹ میں بھی چلی گئی۔ انھیں سانس لینے میں دشواری ہونے لگی اور دیگر علامات ظاہر ہونے لگیں۔

طالبات بیمار ہوگئیں اور انہیں فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ ہاسپٹل میں دردناک مناظر دیکھے گئے، جہاں لڑکیاں سانس لینے میں دشواری محسوس کررہی تھیں اور سینہ میں شدید درد کی شکایت کررہی تھیں۔ سینئر پولیس عہدیدار ہاسپٹل پہنچے۔ انھوں نے والدین کو تیقن دیا کہ ملزمین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔





[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *