
سری نگر (آئی اے این ایس) جموں وکشمیر کے شہر سری نگر کی انجمن اوقاف جامع مسجد نے جمعہ کے دن افسوس ظاہر کیا کہ اس کے صدر مولوی عمر فاروق کو ان کے بنگلہ میں نظربند کردیا گیا جس کی وجہ سے وہ تاریخی مسجد میں جمعہ کا خطبہ نہ دے سکے۔
انجمن نے جس کے صدر میر واعظ ہیں‘ ایک بیان میں کہا کہ حکام نے یہ ظالمانہ اور ناواجبی کارروائی ایسے وقت کی ہے جب مقدس ماہ رمضان جاری ہے جس کی دنیا بھر کے مسلمانوں کے لئے بڑی روحانی اہمیت ہے۔
جامع مسجد سری نگر کا وہ مرکزی عبادت خانہ ہے جہاں ہزاروں لوگ نماز ِ جمعہ ادا کرنے کے لئے آتے ہیں۔ میرواعظ کو اپنے مذہبی فرائض کی ادائیگی سے روکنا انتہائی غلط ہے۔ 2 دن قبل مرکزی وزارت ِ داخلہ نے میرواعظ کی عوامی ایکشن کمیٹی کو انسدادِ غیرقانونی سرگرمیاں قانون کے تحت 5 سال کے لئے ممنوع قراردیا۔
عوامی ایکشن کمیٹی میرواعظ‘ مولوی محمد فاروق مرحوم نے 1963 میں کشمیر میں آثارِ مبارک احتجاج کے دوران قائم کی تھی۔ 1990 میں مولوی محمد فاروق کے قتل کے بعد سے ان کے بیٹے موجودہ میرواعظ عمر فاروق اس کے سربراہ ہیں۔