خارجہ امور کے مشیر محمد توحید حسین نے حضرت شاہ جلال بین الاقوامی ہوائی اڈہ پر اینٹونیو گٹیریس کا استقبال کیا، جہاں سے وہ انٹر کانٹی نینٹل ہوٹل پہنچے۔


اینٹونیو گٹیریس اور محمد یونس کے درمیان ہوئی ملاقات کی تصویر،@IamSunvi
اقوام متحدہ کے جنرل سکریٹری اینٹونیو گٹیریس بنگلہ دیش کی راجدھانی ڈھاکہ کے دورے پر پہنچ چکے ہیں۔ وہ بنگلہ دیش میں مقیم 10 لاکھ سے زائد روہنگیا پناہ گزینوں کا حال جاننے پہنچے ہیں۔ وہ روہنگیا پناہ گزیں کیمپوں کا دورہ کریں گے اور ان کے مسائل سے آشنا ہوں گے۔ اقوام متحدہ امریکہ کی نو منتخب ٹرمپ حکومت کے حالیہ فیصلوں سے خوفزدہ بھی ہے، کیونکہ اسے ڈر ہے کہیں روہنگیا کو ملنے والی مدد میں تخفیف نہ ہو جائے۔ اگر ایسا ہوا تو اس کے سنگین نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔
بنگلہ دیش میں خارجہ امور کے مشیر محمد توحید حسین نے حضرت شاہ جلال بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اینٹونیو گٹیریس کا استقبال کیا۔ یہاں سے وہ انٹر کانٹی نینٹل ہوٹل پہنچے۔ ان کے سفر سے متعلق اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ گٹیریس 13 سے 16 مارچ تک ’رمضان یکجہتی دورہ‘ پر بنگلہ دیش کا سفر کر رہے ہیں۔ بنگلہ دیش میں عوامی انقلاب کی وجہ سے وزیر اعظم شیخ حسینہ کا تختہ پلٹ کیے جانے کے بعد اگست میں برسراقتدار عبوری حکومت کو امید ہے کہ گٹیریس کے اس سفر سے روہنگیا پناہ گزینوں کو مدد ملے گی۔
بتایا جا رہا ہے کہ اینٹونیو گٹیریس ڈھاکہ سے چیف مشیر محمد یونس کے ساتھ افطار میں شامل ہونے کے لیے کاکس بازار جائیں گے اور میانمار میں اپنے گھروں سے جبراً نقل مکانی کو مجبور کیے گئے روہنگیا پناہ گزینوں سے ملاقات کریں گے۔ ساتھ ہی بنگلہ دیش کے مختلف طبقات سے بھی ملاقات کریں گے، جو میانمار سے آئے پناہ گزینوں کی میزبانی کر رہے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔