وزیراعظم مودی کو صرف تعریف سے دلچسپی: جئے رام رمیش (ویڈیو)

نئی دہلی (پی ٹی آئی) کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے جمعہ کے دن کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کو صرف ”تعریف“ سے دلچسپی ہے اور انہیں ”ٹیرف“ کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ جوابی ٹیرف عائد کرنے کی امریکہ کی دھمکی سے نمٹنے کا وزیراعظم کا ”56 اِنچ کا سینہ“ کہاں ہے؟۔

پی ٹی آئی کو انٹرویو میں جئے رام رمیش نے کہا کہ کانگریس بجٹ اجلاس کے حصہ دوم میں امریکی صدر ٹرمپ کی اس دھمکی کا مسئلہ اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس دھمکی سے نمٹنے کے لئے اجتماعی عہد کیا جانا چاہئے۔

کانگریس قائد نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ وزیر خارجہ ایس جئے شنکر‘ امریکی قاصد اور اُس ملک کے ترجمان کی طرح بول رہے ہیں۔ ہمارے وزیراعظم صرف اپنی تعریف سننا چاہتے ہیں۔ ’تعریف کم اور ٹیرف پہ بات کیجئے‘۔ کانگریس قائد نے کہا کہ تم میری تعریف کروں میں تمہاری تعریف کروں گا‘ بین الاقوامی تجارتی تقاریب کا طریقہ نہیں۔

ان قواعد و ضوابط پر بات چیت ہونی چاہئے۔ ڈبلیو ٹی او‘ ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن ہے‘ ورلڈ ٹرمپ آرگنائزیشن نہیں۔ جئے رام رمیش نے امریکہ سے نکالے گئے غیرقانونی ہندوستانی امیگرنٹس کے معاملہ میں حکومت کا جو رویہ رہا اس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے سے چھوٹے ممالک تک آواز اٹھارہے ہیں لیکن ہمارے وزیراعظم نے خاموشی اختیار کررکھی ہے۔

انہیں کھل کر بولنا چاہئے۔ ٹرمپ‘ ہندوستان جیسے ملک کو دھمکارہے ہیں۔ ہمارے وزیراعظم 56 اِنچ کے سینہ کی بات کرتے تھے وہ 56 اِنچ کا سینہ اب کہاں ہے؟ یاد کیجئے نومبر 1971 میں اندراگاندھی نے اُس وقت کے امریکی صدر نکسن سے کیا کہا تھا۔ یہ ہندوستان کے مفاد کا سوال ہے لیکن ہمارے پردھان منتری نمستے ٹرمپ میں لگے ہیں۔





[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *