
سنبھل (یوپی)(پی ٹی آئی) اترپردیش کے اس فرقہ وارانہ حساس شہر میں 14 مارچ کو ہندو 2:30 بجے تک ہولی منائیں گے جبکہ مسلمان 2:30 بجے کے بعد نماز جمعہ ادا کریں گے۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے آج یہ بات بتائی۔
اس نے کہا کہ ہولی سے قبل پرونشنیل آرمڈ کانسٹیبلری (پی اے سی) کی 7 کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) سنبھل کرشنا کمار نے میڈیا سے کہا کہ شہر میں ہولی کے تہوار اور آج رمضان کے پہلے جمعہ کے مدنظر پی اے سی کی 7 کمپنیاں تعینات کردی گئیں۔
ڈسٹرکٹ لیول پیس کمیٹی میٹنگ میں طئے پایا کہ جمعہ کی نماز 2:30 بجے کے بعد ادا کی جائے گی اور ہندو لوگ 2:30 بجے تک ہولی مناکر اپنے گھر چلے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سنبھل ضلع پولیس نے سوشل میڈیا پر کڑی نظر رکھی ہے۔ لوگوں کو چاہئے کہ وہ افواہوں پر یقین نہ کریں۔ ضلع مجسٹریٹ (کلکٹر)راجندر پینسیا نے کہا کہ شہر کو 6 زون اور 29 سیکٹرس میں بانٹا گیا ہے۔
یہ پوچھنے پرکہ آیا ہولی کے مدنظر مساجد کو تارپالین کور سے ڈھانک دیا جائے گا‘ انہوں نے کہا کہ ہماری طرف سے ایسا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ اگر فریقین چاہیں تو اپنے بل بوتے پر ایسا کرسکتے ہیں۔