
نئی دہلی ۔ شادی کے بعد عام طور پر کار یا دیگر گاڑیوں میں دلہن کو سسرال لے جایا جاتا ہے لیکن ریاست ہریانہ کے نوح میں شادی کے بعد دولہا اپنی دلہن کو کسی گاڑی میں نہیں بلکہ ہیلی کاپٹر میں اپنے گھر لے گیا، دلہن کی زندگی کی خوشی کا منظر اس وقت بدل گیا جب وہ اپنے سسرال ہیلی کاپٹر میں پہنچی۔ یہ واقعہ اس لیے بھی خاص ہے کہ اس میں محنت، خواب اور محبت کی ایک خوبصورت کہانی چھپی ہوئی ہے۔
کومل جو کہ ایک دلت نوجوان لڑکی ہے اس کی شادی پلول ضلع کے کپِل سے ہوئی۔ شادی کے بعد کپِل کی خواہش تھی کہ وہ اپنی بیوی کومل کو اپنے گھر ہیلی کاپٹر میں لے جائے اور یہ خواہش وہ کافی عرصہ سے دل میں چھپائے ہوئے تھا۔ آج اس کی یہ خواہش پوری ہوئی، جب کومل اور کپِل ہیلی کاپٹر میں سوار ہو کر سسرال روانہ ہوئے۔
کومل کے سسرال پہنچنے کا منظر نہ صرف اس کے لیے بلکہ اس کی والدہ اور دیگر رشتہ داروں کے لیے بھی جذباتی تھا۔ سب نے مل کر اس دن کی خوشیوں کا جشن منایا۔ کپِل کے دل میں کومل کے لیے محبت اور عزت کا جو جذبہ تھا وہ اس دن بخوبی ظاہر ہوا۔
کومل کے باپ کی حال ہی میں موت ہوگئی اس کے باوجود اس نے اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے سخت محنت کی۔ وہ محنت کر کے ایک سرکاری ملازمت حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔ اس کے بعد اس کی زندگی میں خوشیوں کا یہ نیا باب کھلا جسے وہ ہمیشہ اپنی محنت کا نتیجہ سمجھتی ہے۔
کپِل نے اپنی بیوی کومل کی خوشی کے لیے پرائیویٹ ہیلی کاپٹر کا انتظام کیا جس پر تقریباً چار لاکھ روپے خرچ ہوئے۔ کومل نے کہا کہ اس نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ وہ ہیلی کاپٹر میں سسرال جائے گی اور اس خوشی کو وہ اپنی زندگی کا سب سے یادگار لمحہ مانتی ہے۔
یہ کہانی ایک نئی زندگی کی شروعات کی ہے، جہاں محبت، محنت اور خوابوں کا سنگم ہوا۔ ایک لڑکی جو کبھی خواب دیکھتی تھی، آج وہ ان خوابوں کو حقیقت میں بدلتے ہوئے اپنی زندگی کے نئے سفر کا آغاز کر رہی ہے۔