حیدرآباد میں کانگریس کی نئی سی ڈبلیو سی کا پہلا اجلاس، کھرگے کی منظوری

[]

نئی دہلی: رواں سال کے اواخر میں تلنگانہ میں منعقد شدنی اسمبلی انتخابات کو مد نظر رکھتے ہوئے کانگریس صدر ملکارجن کھرگے‘نئی تشکیل شدہ کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) جو پارٹی میں اعلی فیصلہ ساز ادارہ ہے‘کا پہلا اجلاس حیدرآباد میں طلب کریں گے۔

کانگریس پارٹی 17 ستمبر کو ایک جلسہ عام کا بھی اہتمام کرے گی جس میں تلنگانہ کے لیے پانچ ضمانتوں (وعدوں) کو جاری کرے گی اور ریاست کی حکمراں جماعت بی آر ایس کے خلاف ایک چارج شیٹ بھی جاری کرے گی۔

نئی دہلی میں کانگریس کے جنرل سکریٹری (تنظیمی امور) کے سی وینو گوپال نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ صدر کانگریس نے نئی سی ڈبلیو سی کا پہلا اجلاس 16 ستمبر کو حیدرآباد میں منعقد کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

انہوں نے کہاکہ حیدرآباد میں 17 ستمبر کو سی ڈبلیو سی کا توسیعی اجلاس منعقد ہوگا جس میں کانگریس ورکنگ کمیٹی کے تمام ارکان‘ پردیش کانگریس کے صدور اور سی ایل پی قائدین شرکت کریں گے۔ اسی روز شام میں حیدرآباد شہر کے قریب ایک بھاری عوامی ریالی منعقدکی جائے گی جس میں صدر کانگریس‘اسمبلی انتخابات کے پیش نظر پارٹی کی جانب سے پانچ ضمانتوں کو جاری کریں گے۔

اس عوامی ریالی میں چیرپرسن سی پی پی سونیاگاندھی‘ کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی اور پارٹی کے دیگر سینئر قائدین شرکت کریں گے۔ وینو گوپال نے یہ بات بتائی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ جلسہ عام کے بعد کانگریس صدر کھرگے‘ سی ڈبلیو سی ارکان‘ پی سی سی صدور اور سی ایل پی قائدین پر مشتمل قافلہ کو جھنڈی دکھائیں گے‘ قافلہ کے ارکان ریاست کے ہر اسمبلی حلقہ کا دورہ کریں گے اور 17 ستمبر کو ہرایک اسمبلی حلقہ میں قافلہ کے ارکان شب بسری کریں گے اور یہ ارکان متعلقہ اسمبلی حلقہ میں جنہیں مختص کیاگیاہے‘18 ستمبر کو پارٹی پروگرام میں شرکت کریں گے۔

سی ڈبلیو سی ارکان‘ پی سی سی صدور اور سی ایل پی قائدین انہیں تفویض کردہ اسمبلی حلقہ جات میں منعقد شدنی پروگرام میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ سی ڈبلیو سی ارکان‘ پی سی سی صدر اور سی ایل پی قائدین‘ مقامی قائدین یا پارٹی ورکرس کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے اور کسی بھی کانگریس ورکر کے مکان میں اتوار کی شب قیام کریں گے۔

وینوگوپال نے بتایا کہ 18ستمبر کو سی ڈبلیو سی ارکان‘ پی سی سی صدر اور سی ایل پی قائدین‘انہیں تفویض کردہ اسمبلی حلقہ میں صبح کے اوقات میں طے شدہ شیڈول کے مطابق ورکرس کے اجلاس میں شرکت کریں گے اور پارٹی کی پانچ ضمانتوں اور بی آر ایس حکومت کے خلاف چارج شیٹ کو گھر گھر تک پہونچانے کے پروگرام میں بھی شرکت کریں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 18 ستمبر کو کانگریس پارٹی کی جانب سے کمیونٹی کے بااثر قائدین کے اعزاز میں لنچ کااہتمام کرے گی اور شام میں مہاتماگاندھی یا امبیڈکر یا کمرم بھیم کے مجسمہ سے بھارت جوڑو مارچ کااہتمام کیاجائے گا۔ وینوگوپال نے کہا کہ گزشتہ سال‘7ستمبر کا دن کانگریس کے لیے یادگار رہا جس میں راہول گاندھی نے کنیا کماری سے کشمیر تک بھارت جوڑو یاترا منظم کی تھی ۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *