کسان تنظیموں کے کنوینر سرون سنگھ پنڈھیر نے کہا کہ کسان یونین کے رہنما کے اعلان کے مطابق صبح 7 بجے سے شام 4 بجے تک سڑکوں اور ریل لائنس پر چکّہ جام رہے گا۔ انہوں نے سرکاری اور نجی تنظیموں سے بھی کسانوں کی حمایت میں اپنے اداروں کو بند رکھنے کی گزارش کی ہے۔ بند کے دوران صرف ایمرجنسی خدمات جیسے ایمبولنس، شادی کے گاڑی یا ایمرجنسی حالت میں کسی کو بھی گزرنے کی اجازت ہوگی۔ پنڈھیر نے آگے کہا “بند کے بارے میں گرودواروں میں لاؤڈ اسپیکر کے توسط سے اعلان کیا جائے گا۔ ہم نے مذہبی تنظیموں سے پیغام پھیلانے میں مدد کرنے کی اپیل کی ہے۔”
اس درمیان پنجاب بند کے سلسلے میں کے ایم ایم اور ایس کے ایم-این پی رہنماؤں نے اپنی حمایت دینے کی بات کہی ہے جبکہ کاروباری، ثقافتی، سماجی اور مذہبی تنطیموں نے بھی بند کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ 30 دسمبر کی صبح دودھ کی سپلائی بند کر دی جائے گی اور سبزی منڈیاں شام 4 بجے کے بعد ہی کھلیں گی۔ اس کا مطلب ہے کہ 30 دسمبر کو شام 4 بجے تک دودھ اور سبزیوں کی سپلائی نہیں ہوگی۔