
انتقامی سیاست بند کی جائے، ظالمانہ کارروائیوں پر روک ضروری
سرسلہ میں کے ٹی آر کی تصویر ہونے پر ٹی اسٹال کو برخاست کرنا ظلم کی انتہا
بافندوں کے مسائل کو فی الفور حل کیا جائے۔ تمام حلقوں کے ساتھ مساویانہ سلوک پر زور
ویملواڑہ مندر کے ترقیاتی منصوبہ کو جاری رکھا جائے۔ کے کویتا کی پریس کانفرنس
ویملواڑہ: رکن قانون ساز کونسل بی آر ایس و صدر تلنگانہ جاگروتی کلواکنٹلہ کویتا نے کہا کہ تلنگانہ کی مشہور شیو مندر ویملواڑہ کی ترقی کے لئے بی آر ایس دور حکومت میں شروع کردہ کاموں کو موجودہ کانگریس حکومت کی جانب سے جاری رکھاجاناچاہئے۔کلواکنٹلہ کویتا نے کہاکہ حکومتیں بدلتی رہتی ہیں لیکن ترقی کا سلسلہ نہیں رکنا چاہئے۔مہا شیوراتری کے موقع پر کویتا نے ویملواڑہ کی سری راجہ راجیشورا سوامی مندر میں پوجا کی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کویتانے کہا کہ ویملواڑہ کی ترقی کے لئے کے سی آر نے سخت محنت کی اور ان کے دورحکومت میں مندر کی ترقی کے لئے 250 کروڑ روپئے خرچ کئے گئے۔
اب حکومت کی تبدیلی کے بعد ترقیاتی کام رکنے نہیں چاہئیں۔ انہوں نے کانگریس حکومت سے مطالبہ کیا کہ ویملواڑہ کی ترقی کو جاری رکھا جائے۔کلواکنٹلہ کویتا نے کہا کہ بی آر ایس حکومت میں مندر کے قریب گڈی چیرووکے علاقہ میں 30 ایکڑ زمین خرید کر مندر کے نام پرکی گئی تھی مگر اب وہاں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہو رہے ہیں۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ حکومت کی توجہ اس طرف نہیں ہے،
اس لئے کانگریس حکومت فوری طور پر ترقیاتی منصوبوں کو آگے بڑھائے۔راجنا سرسلہ ضلع اپنی بُنکر صنعت کے لئے مشہور ہے اور ماضی میں جب کے ٹی آر وزیر تھے تو انہوں نے بُنکروں کے لئے کئی فلاحی اسکیمیں نافذ کیں لیکن موجودہ حکومت ان اسکیموں کو صحیح طریقے سے لاگو نہیں کر رہی ہیں جس کی وجہ سے سرسلہ کے حالات ابتر ہو گئےہیں۔
کویتا نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ بُنکروں کی مدد کرے اور ان کے درپیش مسائل کوحل کرے۔ کویتا نے کہا کہ حکومت کو تمام حلقوں کے ساتھ مساویانہ سلوک کرنا چاہئے مگر سر سلہ ضلع میں بی آر ایس کارکنوں کو کانگریس حکومت کی طرف سے ہراساں کیا جا رہا ہے
۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ محض کے ٹی آر کی تصویر لگانے کی وجہ سے ایک شخص کی چائے کی دکان ( ٹی اسٹال)کو زبردستی برخاست کردیا گیا۔ انہوں نے کانگریس حکومت پر شدید تنقید کی اور کہا کہ اسے انتقامی سیاست چھوڑ دینی چاہئے اور فوری طور پر ظالمانہ کارروائیوں کو بند کرنا چاہئے۔