حادثہ میں جو ہلاکتیں ہوئی ہیں، ان میں شہریوں کے ساتھ ساتھ افسران کی اموات سے متعلق بھی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ یہ حادثہ خرطوم کے باہری علاقے میں پیش آیا۔
سوڈان میں ایک خوفناک طیارہ حادثہ پیش آیا ہے جس میں کئی لوگوں کی موت واقع ہو گئی ہے۔ حادثہ فوجی طیارہ کے ساتھ پیش آیا ہے جو کہ اچانک بے قابو ہو کر ایک گھر سے ٹکرا گیا اور طیارہ میں سوار فوجی افسران سمیت گھر میں موجود کئی شہریوں کی موت ہو گئی۔ فوجی ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق منگل کی دیر شب خرطوم کے باہری علاقے میں سوڈانی فوجی طیارہ حادثہ کا شکار ہوا، جس میں کئی افسران اور شہری مارے گئے۔
آر ٹی نیوز نے اس حادثہ میں کم از کم 19 لوگوں کی ہلاکت سے متعلق رپورٹ دی ہے۔ اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کچھ دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، لیکن اس سلسلے میں کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی ہے۔ یہ حادثہ وادی سیدنا ایئر بیس سے پرواز بھرنے کے دوران پیش آیا۔ فوج کے مطابق فوجی اہلکار اور شہری دونوں ہی اس حادثے میں متاثر ہوئے ہیں۔ اپریل 2023 سے نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسز (آر اے ایف) کے ساتھ جدوجہد میں مصروف سوڈانی فوج نے اس حادثے کے پیچھے کی وجہ تکنیکی خرابی کو بتایا ہے۔
ایک میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ طیارہ حادثہ میں زخمی ہوئے لوگوں کو فوری طور پر اومدرمان واقع الناؤ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ چشم دیدوں نے بتایا کہ ایک زوردار دھماکہ ہوا اور کچھ گھروں کو اس دھماکے نے شدید نقصان پہنچایا۔ اس دھماکہ کے بعد آس پاس کے علاقوں میں بجلی چلی گئی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔