
چیمپئنز ٹرافی: ہندوستانی گیندبازوں کی شاندار کارکردگی، پاکستان 241 رنس پر آل آوٹ
چیمپئنز ٹرافی کے ایک اہم اور سنسنی خیز مقابلے میں ہندوستانی گیندبازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو 49.4 اوورس میں محض 241 رنس پر آل آؤٹ کر دیا۔ ہندوستانی باؤلرس نے ابتدا سے ہی دباؤ برقرار رکھا جس کے باعث پاکستانی بلے باز کھل کر کھیلنے میں ناکام رہے۔
پاکستانی ٹیم کا آغاز کچھ خاص نہیں رہا اوپنرس زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور ابتدائی وکٹیں جلد ہی گر گئیں۔ کپتان بابر اعظم 23 رنس بنا کر آؤٹ ہوئے اور ٹیم کو مستحکم آغاز فراہم نہ کر سکے۔ تاہم سعود شکیلنے ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور 62 رنس کی عمدہ اننگز کھیلی، جبکہ محمد رضوان نے 46 رنس کے ساتھ ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ خوشدل شاہ نے بھی 38 رنس کی کارآمد اننگز کھیل کر ٹیم کے اسکور کو سہارا دینے کی کوشش کی
لیکن اننگز کے آخری لمحات میں پاکستان کا لوئر آرڈر مکمل طور پر ناکام رہا جس کے باعث پوری ٹیم 50 اوورز مکمل کرنے سے پہلے ہی پویلین لوٹ گئی۔
ہندوستان کے گیندبازوں نے ایک بار پھر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے پاکستانی بیٹنگ لائن کو شدید مشکلات سے دوچار کیا۔ کلدیپ یادو سب سے کامیاب گیندباز رہے، جنہوں نے 3 وکٹیں حاصل کیں اور پاکستانی بلے بازوں کو قابو میں رکھا۔ ہاردک پانڈیا نے بھی شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 2 وکٹیں حاصل کیں جس میں بابر اعظم کی قیمتی وکٹ بھی شامل تھی۔
– ہرشت رانا، اکشر پٹیل اور رویندر جڈیجہ نے بھی 1-1 وکٹ حاصل کی اور پاکستانی بلے بازوں کو بڑا اسکور بنانے سے روکے رکھا۔ ہدوستان کو جیت کے لیے 242 رنز درکار، پاکستان کی پوری ٹیم 241 رنزپر ڈھیر ہونے کے بعد اب ہندوستانی بلے بازوں کا امتحان ہوگا۔ اگرچہ ٹیم انڈیا کی بیٹنگ لائن اپ مضبوط ہےاور یہ ہدف زیادہ بڑا نہیں لگ رہا لیکن پاکستانی گیندباز بھی کسی سے کم نہیں۔شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف جیسے تیز گیندبازوں کے سامنے ہندوستانی بلے بازوں کو احتیاط کے ساتھ کھیلنا ہوگا۔
ہندوستان کے لیے یہ ایک سنہری موقع ہے کہ وہ پاکستان کو شکست دے کر ایونٹ میں اپنی برتری ثابت کرے لیکن کرکٹ غیر متوقع کھیل ہے اور کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ہندوستانی بلے باز اس چیلنج کا کیسے سامنا کرتے ہیں اور کیا پاکستان کے گیندباز اس ہدف کا دفاع کر پاتے ہیں یا نہیں؟