
حیدرآباد 22-فروری (اردو لیکس) امیر ملت اسلامیہ تلنگانہ وآندھراپردیش حضرت مولانا محمد حُسام الدین ثانی عاقل جعفر پاشاہ نے ایس ایس سی اور انٹر میڈیٹ سالانہ امتحانات دینے والے طلباء وطالبات سے امتحانی تیاری میں خصوصی دلچسپی لینےکی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہی سے معاشرہ میں ہماری مہذب پہچان ہوسکتی ہے اب جبکہ انٹر میڈیٹ سالانہ امتحانات کے لئے 15دن اور ایس ایس سی امتحانات کے لئے ایک ماہ کا وقفہ رہ گیا ہے ‘
طلباء وطالبات سے میری درد مندانہ گزارش ہے کہ وہ مکمل دلچسپی کیساتھ اپنے امتحانات کی تیاری کریں مولانا جعفر پاشاہ نے کہا کہ طلباء کی زندگی میں ایس ایس سی اور انٹر میڈیٹ امتحانات کافی اہمیت کے حامل ہیں بالخصوص ایس ایس سی امتحان میں کامیابی سے تعلیم کو آگے جاری رکھنے میں اہم موڑ ملتاہے لیکن بد قسمتی سے والدین اور سرپرستوں کی عدم توجہی اور غفلت کے سبب طلباء وطالبات امتحانی تیاری اتنی نہیں کرتے جتنی کہ ہونی چاہیئے والدین کو چاہئیے کہ اپنے بچوں کو اپنی نگرانی میں
امتحانی تیاری کرائیں انہیں سیل فون کے بیجا استعمال سے دور رکھیں امتحانات تک ان کو گھریلو کام کاج اور دیگر مصروفیات سے دور رکھا جاۓ کیونکہ امتحانات سے قبل کا ایک ایک لمحہ بڑاہی قیمتی ہوتا ہے مولانا نے کہا کہ تعلیم کے میدان میں مسلم طلباء و طالبات آگے آرہے ہیں لیکن یہ اعداد وشمار ہمیں مکمل مطمئن کرنے والے بھی نہیں کہلاۓ جاسکتے بالخصوص ہمیشہ آنےوالے ایس ایس سی کے نتائج یہی ظاہر کرتے ہیں کہ تعلیم کے میدان میں لڑکیاں ہی آگے ہیں اور اگر لڑکیاں ایس ایس سی کامیاب ہوبھی جاتی ہیں تو معاشی حالات کے سبب وہ اپنی تعلیم آگے جاری نہیں رکھتیں صاحب حیثیت وامت کے درد مند اصحاب کو اس جانب غور کرنا اور ان کی تعلیمی مددکرنا وقت کا تقاضہ ہے مولانا جعفر پاشاہ نے مزید کہا کہ ایسے لوگ جو معاشی طور مضبوط نہیں ہیں تعلیم یافتہ اصحاب اور اساتذہ کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ تعلیم کے میدان میں حکومت کی جانب سے کیا کیا سہولیات ہیں اس سے مسلمانوں کو واقف کرائیں اور کونسے سرٹیفیکیٹس نکالنے سے ہم کیا تعلیمی سہولتیں حاصل کرسکتے ہیں اپنے محلہ والوں اور رشتہ داروں کے علاوہ ان کے سرپرستوں کو بھی واقف کرائیں مولانا نے مزید کہا کہ تعلیمی میدان میں مسلم لڑکے اورلڑکیاں جتنا آگے آئیں گے قوم اور ملک کے مفاد میں اتنی ہی اچھی بات ہوگی
مولانا جعفر پاشاہ نے آخر میں کہا کہ مجھے قوی امید ہے کہ طلباء وطالبات سالانہ امتحانات کے سلسلہ میں اپنی امتحانی تیاری بہت اچھی طرح سے کرتے ہوۓ اور شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوۓ اپنے والدین ‘ اساتذہ ‘ اسکول وکالجس کا نام خوب روشن کریں گے محنت سے پڑھنے اور دلچسپی سے امتحانی تیاری کرنے والے سارے طلباء وطالبات کی کامیابی کے لئیے اللہ رب العزت سے دعا گو ہوں