کنبہ پروری کی مخالفت کرنے والی این ڈی اے حکومت میں مرکزی وزیر جیتن رام مانجھی نے نتیش کے بیٹے کا سیاست میں کیا استقبال

جیتن رام مانجھی نے کہا کہ ’’ڈاکٹر کا بیٹا ڈاکٹر بنے تو اچھا، آئی اے ایس کا بیٹا آئی اے ایس بنے تو قابل، انجنیئر کا بیٹا انجنیئر بنے تو ہونہار، پر نیتا کا بیٹا نیتا بنے تو کئی سوال… یہ ٹھیک نہیں…‘‘

جیتن رام مانجھی، تصویر آئی اے این ایسجیتن رام مانجھی، تصویر آئی اے این ایس
جیتن رام مانجھی، تصویر آئی اے این ایس
user

طویل عرصے تک سیاسی سرگرمیوں سے دوری بنا کر رکھنے والے نتیش کمار کے بیٹے نشانت کمار کے حوالے سے ایک بڑی خبر سامنے آ رہی ہے۔ ممکن ہے کہ رواں سال ہونے والے بہار اسمبلی انتخاب سے قبل وہ سیاسی میدان میں اتر جائیں۔ ایک طرف جہاں کچھ لوگ نتیش کمار کے بیٹے نشانت کمار کے عملی سیاست میں آنے کا استقبال کر رہے ہیں، وہیں کئی لوگ ایسے ہیں جو سیاست میں ان کے داخلے پر سوال بھی اٹھا رہے ہیں۔ دریں اثنا مرکزی وزیر اور ہندوستانی عوامی مورچہ (ہَم) کے صدر جیتن رام مانجھی نے نتیش کمار کے بیٹے نشانت کی سیاست میں انٹری کی حمایت کی ہے۔

جیتن رام مانجھی نے اس حوالے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا۔ پوسٹ میں جیتن رام مانجھی نے لکھا کہ ’’ڈاکٹر کا بیٹا ڈاکٹر بنے تو اچھا، آئی اے ایس کا بیٹا آئی اے ایس بنے تو قابل، انجنیئر کا بیٹا انجنیئر بنے تو ہونہار، پر نیتا کا بیٹا نیتا بنے تو کئی سوال… یہ ٹھیک نہیں…۔‘‘ علاوہ ازیں جیتن رام مانجھی نے لکھا کہ ’’سیاست میں بہار کے معزز وزیر اعلیٰ نتیش کمار جی کے بیٹے نشانت کمار کا استقبال ہے۔ ’ہَم‘ نشانت کے ساتھ ہیں۔‘‘

واضح ہو کہ سیاسی گلیاروں میں ایسی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے بیٹے نشانت کمار رواں سال ہونے اسمبلی انتخاب میں میدان میں اتر سکتے ہیں۔ سیاسی حلقوں میں یہ بھی چرچہ ہے کہ نشانت کمار اپنے والد نتیش کمار کی سیاسی وراثت کو سنبھالیں گے۔ اس کے لیے وقت اور تاریخ کا تعین خود ان کے والد اور بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار طے کریں گے۔ حالانکہ اس حوالے سے جنتا دل یونائٹیڈ (جے ڈی یو) کی جانب سے ابھی تک کوئی آفیشیل بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ این ڈی اے خاص طور سے بی جے پی ہمیشہ سے سیاسی وراثت یا کنبہ پروری کے خلاف رہی ہے۔ نتیش کمار طویل عرصے سے اپنے بیٹے نشانت کو سیاست سے دور رکھے ہوئے ہیں۔ ایسے میں ان کے بیٹے کا سیاست میں داخلہ آسان نہیں ہوگا۔ ان کو اپوزیشن خاص طور سے آر جے ڈی کی شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ این ڈی اے کے لیڈران بشمول نتیش کمار کئی بار آر جے ڈی پر کنبہ پروری کا الزام عائد کر چکے ہیں۔ کمال کی بات یہ ہے کہ نتیش کمار کے بیٹے کے عملی سیاست میں آنے سے قبل ہی سیاسی گلیاروں میں مخالفت اور موافقت کو لے کر ایک بحث چھڑ چکی ہے۔ دیکھنے والی بات یہ ہوگی کہ کنبہ پروری کی مخالفت کرنے والا این ڈی اے اپنی حلیف جماعت ’ہَم‘ کے صدر جیتن رام مانجھی کے بیان پر کیا موقف اختیار کرتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔




[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *