خواتین کو خود مختار اور خوشحال بنانے حکومت سنجیدہ،نارائن پیٹ میں چیف منسٹر نے کیا پہلے ویمنس پٹرول پمپ کا افتتاح

 حیدرآباد: چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے جمعہ کے روز نارائن پیٹ ضلع کے اپک پلی میں ایک منفرد اقدام کے تحت خواتین کے زیر انتظام پٹرول پمپ کا افتتاح کیا۔ یہ پٹرول پمپ بی پی سی ایل کمپنی کے تعاون سے مکمل طور پر خواتین کے ذریعے چلایا جائے گا اور اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے، جو خواتین کی خودمختاری اور روزگار کے فروغ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر  ریونت ریڈی نے کہا کہ حکومت تلنگانہ، سماج کا نصف حصہ خواتین کو خودمختار اور خوشحال بنانے کے لیے سنجیدہ ہے اور اپنے منصبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے درکار ضروری اقدامات کر رہی ہے۔

 انہوں نے کہا ملک میں پہلی بارمہیلا گروپ کے تحت پٹرول پمپ کا قیام ایک خوش آئند قدم ہے ہماری حکومت خواتین کی ترقی اور بہبود  کو اولین ترجیح دے گی اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا خواتین کو بااختیار بنانا ہماری پالیسی کا بنیادی جز ہے، تاکہ وہ خوداعتمادی کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔

انہوں نے مزید کہا عوامی حکومت کے قیام کے بعد خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس کو بحال کیا گیا ہے، جس سے لاکھوں خواتین کو فائدہ پہنچا ہے۔ریاست میں 67 لاکھ خواتین سیلف ہیلپ گروپس سے مربوط ہیں اور ہماری حکومت کا ہدف ایک کروڑ خواتین کو خودکفیل بنانا ہے۔

چیف منسٹر نے کہا خواتین کو تمام شعبوں میں آگے بڑھانے کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن میں 600 آر ٹی سی بسوں کی ملکیت خواتین کو دینا بھی شامل ہے اس کے علاوہ ایک ہزار میگاواٹ صلاحیت کے حامل سولار پاور پلانٹس کو چلانے کا خواتین کو موقع فراہم کیا جا رہے ہیں تاکہ وہ توانائی کے شعبے میں بھی نمایاں کردار ادا کر سکیں۔

 چیف منسٹر نے کہا سیلف ہیلپ گروپس کی مصنوعات کی مارکیٹنگ کے لیے شلپارامم میں خصوصی اسٹالس مختص کیے گئے ہیں اور جلد ہی حکومت کی جانب سے سیلف ہیلپ گروپس سے وابستہ خواتین کو سال میں دو معیاری ساڑیاں تحفے کے میں دی جائیں گی، تاکہ انہیں حکومتی سرپرستی کا احساس ہو۔

 شہری اور دیہی علاقوں کی خواتین میں کوئی تفریق نہیں کی جائے گی،اور حکومت کی نظر میں تمام خواتین کے حقوق برابر ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ حکومت خواتین کی ترقی کے لیے ضرورت پڑنے پر مرکزی حکومت سے بھی فنڈز حاصل کریں گے، اور اس سلسلے میں رکن پارلیمنٹ ڈی کے ارونا سے تعاون کی درخواست کرنے کی خواہش کی۔

چیف منسٹر نے واضح کیا کہ ریاستی حکومت خواتین کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی اور انہیں ترقی کے مساوی مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ ہماری حکومت اسکولس کی بہتری پر خصوصی توجہ دے گی، اور تمام سرکاری تعلیمی اداروں میں بہترین سہولتوں کی فراہمی کے لیے درکار فنڈس مہیاکئے جائیں گے تاکہ تعلیمی نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

 انہوں نے کہا ہمارا ماننا ہے کہ جس طرح مندروں کو تقدس کے ساتھ چلایا جاتا ہے، اسی طرح اسکولس کا بھی خیال رکھا جانا چاہیے، کیونکہ معیاری تعلیم ہی ترقی کی بنیاد ہے۔ چیف منسٹر نے کہا یہ اقدامات حکومت کے خواتین کی فلاح و بہبود کے عزم کا مظہر ہیں اور انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔



ہمیں فالو کریں


Google News

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *