مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران نے عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے سربراہ رفائل گروسی کے ایرانی جوہری پروگرام سے متعلق بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
ایرانی جوہری توانائی کے ادارے نے گروسی کے بیان کو جانبدارانہ اور غیر پیشہ ورانہ قرار دیتے ہوئے زور دیا ہے کہ بین الاقوامی ادارے کے اعلی عہدیدار سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ غیر جانبدار اور پیشہ ورانہ رویہ اپنائیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ گروسی کے حالیہ بیانات کی وجہ سے ایجنسی اپنی غیر جانبداری اور ساکھ کھوسکتی ہے۔ امریکہ اور بعض مغربی ممالک عالمی ادارے کو اپنے سیاسی مفادات کے لیے استعمال کررہے ہیں۔ گروسی کے حالیہ بیانات اس بات کے شواہد ہیں۔
ایرانی جوہری توانائی ادارے کے مطابق ایران کئی بار واضح کرچکا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام مکمل طور پر پُرامن ہے۔ گروسی کو معلوم ہونا چاہیے کہ دنیا کی کل جوہری تنصیبات کا صرف تین فیصد ایران میں ہے مگر عالمی ادارے کی ایک چوتھائی توجہ ایرانی تنصیبات پر ہے۔
ایران نے مطالبہ کیا کہ گروسی اپنے غیر ضروری سیاسی بیانات بند کریں کیونکہ یہ ایجنسی کی غیر جانبداری کے خلاف ہے اور ان کے منصب کے شایان شان نہیں۔