نئی دہلی: ایئر انڈیا کی ناقص خدمات پر مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان کی تنقید کے بعد کانگریس نے حکومت پر سخت حملہ کیا ہے۔ پارٹی نے الزام لگایا کہ عام مسافر ہمیشہ مشکلات کا شکار رہے ہیں، مگر حکومت نے ان کی شکایات پر کوئی دھیان نہیں دیا۔
خیال رہے کہ شیوراج چوہان نے ہفتہ کو ایئر انڈیا کی بھوپال سے دہلی فلائٹ اے آئی-436 میں خراب نشست ملنے پر ناراضگی ظاہر کی تھی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر پوسٹ میں کہا کہ انہیں نشست نمبر 8سی الاٹ کی گئی، جو اندر دھنس چکی تھی اور بیٹھنے کے قابل نہیں تھی۔ عملے نے بتایا کہ انتظامیہ کو پہلے ہی اس خرابی کی اطلاع دی جا چکی تھی، مگر اس کے باوجود نشست فروخت کی گئی۔