پولیس افسر کے مطابق سیکورٹی فورسز کو کاکچنگ ویری علاقے سے کم از کم 12 اسلحے ملے ہیں، ان سبھی اسلحوں کو کاکچنگ پولیس تھانے کو سونپا گیا۔


منی پور، تصویر آئی اے این ایس
منی پور کے امپھال مغرب ضلع میں پولیس نے ایک بڑی کارروائی انجام دیتے ہوئے کئی افراد کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس کے ذریعہ جبراً وصولی کے معاملوں میں ممنوعہ تنظیم کے 6 لوگوں کی گرفتاری ہوئی ہے۔ علاوہ ازیں 2 دیگر لوگوں کو بھی پولیس نے گرفتار کیا ہے اور اسلحے بھی برآمد کیے گئے ہیں۔
ایک سینئر پولیس افسر کے مطابق کانگلی پاک کمیونسٹ پارٹی (ایبنگو ناگانگوم) ایک ممنوعہ تنظیم ہے۔ اس کے 6 اراکین کو جبراً وصولی کے معاملے میں کوترنوک ماکھا لیئی کائی چرچ سے گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے امپھال مشرق ضلع کے اچن بگیئی ماننگ لیکائی سے جی5 تنظیم کے بھی 2 لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ ان دونوں پر سیکمائی، ایرلبنگ، کوئرینگیئی اور پٹسوئی علاقوں میں ریت سے لدے ٹرکوں سے جبراً وصولی کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ یہ سبھی ٹرک ڈرائیورس کی چابیاں چھین کر اس طرح کے واردات کو انجام دیا کرتے تھے۔ پولیس کے مطابق ان دونوں گرفتار شدگان کی شناخت ننگ تھوجم یمبا سنگھ، اوشام نیتاجی سنگھ کی شکل میں ہوئی ہے۔
منی پور پولیس کا کہنا ہے کہ کاکچنگ اور کانگپوکپی ضلعوں میں انتظامیہ کو گولہ بارود بھی سونپے گئے ہیں۔ منی پور کے گورنر اجئے کمار بھلّا نے وہاں کے لوگوں سے غیر قانونی اسلحہ اور گولہ بارود جمع کرانے کی اپیل کی تھی۔ پولیس افسر کے مطابق سیکورٹی فورسز کو کاکچنگ ویری علاقے سے کم از کم 12 اسلحے برآمد ہوئے ہیں۔ ان سبھیا سلحوں کو کاکچنگ پولیس تھانے کو سونپا گیا۔ ٹینگنوپال ضلع کے موریہہ تھانے کے پاس کی سرحد میں ماؤجانگ گاؤں میں ایک مہم چلائی گئی۔ اس دوران سیکورٹی فورسز کو ڈیٹونیٹر، دھماکہ خیز اشیا، آئی ای ڈی، 6 اور 4 کلوگرام کا بم برآمد ہوا۔ آئی ای ڈی کو انسداد بم دستہ کی طرف سے موقع پر ہی تباہ کر دیا گیا۔ اس معاملے میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ منی پور پولیس 2023 میں مئی ماہ کے دوران نسلی تشدد پیدا ہونے کے بعد سے ہی اس طرح کی مہم چلا چلا رہی ہے۔ امپھال وادی میں میتئی اور آس پاس کی پہاڑیوں پر واقع کوکی-زو طبقات کے درمیان ہوئے نسلی تشدد میں اب تک 250 سے زائد لوگ مارے گئے ہیں اور ہزاروں افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔ ریاست میں حالات کچھ ایسے پیدا ہو گئے کہ وزیر اعلیٰ این بیرین سنگھ کو استعفیٰ دینا پڑا اور موجودہ وقت میں صدر نافذ ہے۔