
ہمیرپور(ہماچل پردیش) (پی ٹی آئی) ہماچل پردیش کے سوجن پورتیرا ٹاؤن میں مسلمانوں نے مسجد کے باہرمہاراناپرتاپ کے مجسمہ کی تنصیب کی تجویز کے خلاف اپنا اعتراض واپس لے لیا ہے۔
نگرپریشد کے ایگزیکیٹیوآفیسر اجمیرٹھاکرنے جمعرات کے روزبتایا کہ مسلم سدھارسبھا نے مجسمہ کی تنصیب کی حمایت کی ہے اور برادری کے بعض ارکان تنصیب کی تقریب میں حصہ لے سکتے ہیں۔ مسلم برادری کے ایک وفد نے دو دن پہلے ہمیر پورانتظامیہ کو ایک میمورنڈم پیش کیاتھا اور کہاتھا کہ وہ وارڈ نمبر4میں مسجد کے باہرتعمیر کئے جانے والے پارک میں مہاراناپرتاپ کا مجسمہ نصب نہ کرے۔
وشوا ہندو پریشد نے اس میمورنڈم پر ردعمل ظاہرکرتے ہوئے انتظامیہ سے کہاتھا کہ وہ منظورہ مقام پر مجسمہ کی تنصیب کے بارے میں اپنا فیصلہ واپس نہ لے۔ ان واقعات پر اس ٹاؤن میں کشیدگی پیدا ہوگئی تھی اور ڈپٹی کمشنر نے سب ڈیویژنل مجسٹریٹ کو اس معاملہ کا جائزہ لینے کیلئے کہاتھا۔
ٹھاکرنے کہا کہ مسلم سدھارسبھا کے صدر نظام الدین اور کمیٹی کے دیگر ارکان چہارشنبہ کے روز ان کے دفترآئے تھے اور ایک مکتوب حوالے کیاتھا جس میں کہاگیاتھا کہ کئی افراد مجسمہ کی تنصیب کے حق میں ہیں۔ اس گروپ نے پارک میں مجسمہ کی تنصیب کا خیرمقدم کیاتھا۔ ٹھاکرکے مطابق کمیٹی کے صدر نے کہاتھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ دونوں برادری ہم آہنگی سے رہیں۔
کمیٹی کے ارکان نے یہ بھی کہاتھا کہ وہ مجسمہ کی تنصیب کی مخالفت میں دی گئی درخواست واپس لے لیں گے۔ پیر کی رات مسلم وفد نے ضلع انتظامیہ کو ایک میمو پیش کیا جس کاویڈیو بڑے پیمانہ پرگشت کرایاگیا۔اس کے دوسرے دن وی ایچ پی نے کہا کہ بلدیہ کی جانب سے منظورہ مقام پر ہی مجسمہ نصب کیاجائے گا۔