
ممئی: معروف موسیقار اے آر رحمن چند ماہ قبل اپنی اہلیہ سائرہ رحمن سے علیحدگی کے باعث خبروں میں رہے۔ اب ان کی سابق اہلیہ سائرہ رحمن سے متعلق ایک بڑی خبر سامنے آئی ہے، جس کے مطابق انہیں طبی ایمرجنسی کے باعث اسپتال میں داخل کرایا گیا۔
سائرہ رحمن کی سرجری ہوچکی ہے اور اس حوالے سے ان کی وکیل وندنا شاہ نے سوشل میڈیا پر ایک بیان جاری کیا ہے۔
وندنا شاہ نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی، جس میں انہوں نے کہاکہ مسز سائرہ رحمن کی جانب سے وندنا شاہ اینڈ ایسوسی ایٹس ان کی صحت کے حوالے سے بیان جاری کر رہے ہیں۔ چند روز قبل سائرہ کو میڈیکل ایمرجنسی کی وجہ سے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا اور ان کی سرجری ہوئی ہے۔ اس وقت ہماری تمام تر توجہ ان کی جلد صحت یابی پر مرکوز ہے۔
سائرہ رحمن نے اس نازک وقت میں سب کی حمایت پر شکریہ ادا کیا ہے۔
یاد رہے کہ 19 نومبر کو اے آر رحمن نے سائرہ سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے اپنی شادی ختم کرنے کا باضابطہ اعلان کیا تھا۔ اس حوالے سے وندنا شاہ نے سرکاری بیان بھی جاری کیا تھا جس کے بعد اے آر رحمن کے مداحوں میں مایوسی دیکھی گئی۔