
شملہ: ایک سیول سوسائٹی گروپ اور دیوبھومی سنگھرش سمیتی کے ارکان نے مطالبہ کیا ہے کہ بلدیہ یہاں سنجولی علاقہ میں ایک مسجد کو مسمارکردے اور انتباہ دیا کہ اگر پندرہ دن کے اندرایسا نہیں کیاگیاتو ایک عوامی تحریک شروع کی جائے گی۔
دسمبر میں یہاں میونسپل کمشنر نے سنجولی مسجد کمیٹی کو تین مہینے کی مہلت دی تھی تاکہ وہ پانچ منزلہ مسجد کی متنازعہ غیرمجاز منزلوں کو منہدم کردے۔ اس نے کمیٹی اور ہماچل پردیش وقف بورڈ کو بھی یہ ہدایت دی تھی کہ وہ 15 مارچ کو اگلی موقف رپورٹ داخل کرے۔
جس کے بعد باقی دو منزلوں کے بارے میں سماعت کی جائے گی۔ چہارشنبہ کے روز سیول سوسائٹی سنجولی اور دیوبھومی سنگھرش سمیتی کے ایک وفد نے شملہ کے میونسپل کمشنر سے ملاقات کی اور اپنے مطالبہ کے بارے میں میمورنڈم پیش کیا۔
انہوں نے دعویٰ کیاکہ میونسپل کمشنر کی جانب سے عمارت کے انہدام کا حکم دئیے جانے کے باوجود ابھی تک کچھ نہیں کیاگیا ہے۔ ان گروپس نے انتباہ دیاہے کہ 15 دن کے اندر مسجد کو منہدم نہ کئے جانے پر ایک بڑی تحریک شروع کی جائے گی۔