اے اے آئی کے ذریعہ جاری ٹنڈر کے تحت مجموعی طور پر 33.99 کروڑ روپے کے خرچ سے پورنیہ ایئرپورٹ ٹرمینل تعمیر کی جائے گی، یہ رقم تخمینی خرچ 44.15 کروڑ سے 23 فیصد کم ہے۔


علامتی تصویر/ تصویر یو این آئی
بہار کی عوام کو پورنیہ ایئرپورٹ کی سوغات جلد مل سکتی ہے۔ اس تعلق سے سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں اور ٹرمینل کی تعمیر کے لیے اے اے آئی (ایئرپورٹ اتھارٹی آف انڈیا) نے منظوری بھی دے دی ہے۔ یہ سرگرمیاں ترقی یافتہ بہار کے ویژن کے ساتھ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی ’پرگتی یاترا‘ کے درمیان دیکھنے کو مل رہی ہیں۔ ’پرگتی یاترا‘ کے تیسرے مرحلہ میں وزیر اعلیٰ نے پورنیہ کا دورہ کیا تھا۔ اپنے دورہ کے دوران انھوں نے نہ صرف 581 کروڑ روپے کے مختلف منصوبوں کا اعلان کیا تھا، بلکہ پورنیہ ایئرپورٹ کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ بھی لیا تھا۔ انھوں نے افسران سے پورنیہ ایئرپورٹ کے کام میں تیزی لانے کے لیے کہا تھا، اور اب اے اے آئی نے ٹرمینل بلڈنگ کی تعمیر کو منظوری دے دی ہے۔
اے اے آئی کے ذریعہ جاری ٹنڈر کے تحت 33.99 کروڑ روپے کے خرچ سے اس ٹرمینل کی عمارت تعمیر کی جائے گی۔ یہ رقم تخمینی لاگت 44.15 کروڑ روپے سے 23 فیصد کم ہے۔ ٹنڈر عمل کے تحت پہلی بولی 12 ستمبر اور دوسری بولی 27 ستمبر کو کھولی گئی تھی۔ اب فائنل ایجنسی کے انتخاب کا عمل آخری مرحلہ میں ہے، جس کے بعد تعمیراتی عمل شروع ہو جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ اے اے آئی کے معمار نے پہلے ہی پورنیہ ایئرپورٹ کا ڈیزائن تیار کر لیا ہے۔ یہ ایئرپورٹ ’اسٹیٹ آف دی آرٹ‘ سہولیات سے مزین ہوگا اور آئندہ 40-30 سالوں میں مسافروں کی تعداد کو پیش نظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس ایئرپورٹ پر 5 ایئرو برج بنائے جائیں گے، جس سے مسافروں کو بہتر رابطہ ملے گا۔ اصل ایئرپورٹ ٹرمینل کی تعمیر سے پہلے ایک عارضی ٹرمینل عمارت پورٹا کنسپٹ پر تیار کیا جائے گا، جس سے پروازیں جلد شروع کی جا سکیں گی۔ اے اے آئی کے مطابق ڈی جی ایم (انجینئرنگ) کو پروجیکٹ کا انچارج مقرر کیا گیا ہے اور ٹھیکیدار کو جلد از جلد کانٹریکٹ پورا کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ تعمیرات کی ایجنسی کو 1.69 کروڑ روپے کی پرفارمنس گارنٹی اور 88.30 لاکھ کا سیکورٹی فنڈ جمع کرنا ہوگا۔ کام والی جگہ پر لیبر ایکٹ کو سختی سے نافذ بھی کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پورنیہ ایئرپورٹ کے مطالبہ کو دیکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ’پرگتی یاترا‘ کے دوران افسران کے ساتھ جائزہ میٹنگ کی تھی۔ میٹنگ میں وزیر اعلیٰ نے ایئرپورٹ کی تعمیر میں آ رہے رخنات کو دور کرنے کے مقصد سے سبھی فریقین اور متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات دیں۔ اس کا نتیجہ یہ ہے کہ ایئرپورٹ کی تعمیر کو لے کر سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔