آگرہ: اتر پردیش کے ضلع آگرہ میں دو سڑک حادثات میں تین لوگوں کی موت ہوگئی اور 11 زخمی ہوگئے۔
پولیس ذرائع نے بدھ کے روز بتایا کہ علی گڑھ روڈ پر کھنڈولی تھانہ علاقہ میں آج صبح اوور ٹیک کرتے ہوئے میکس پک اپ گاڑی آگے چلنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی۔
حادثے میں تین افراد جاں بحق اور تین دیگر زخمی ہوگئے۔ تینوں جاں بحق اور زخمی میکس پک اپ میں سفر کر رہے تھے۔
پیلی پوکھر گاؤں کے نزدیک پیش آنے والے اس حادثے کے بعد میکس گاڑی میں پھنسے زخمیوں نے مدد کے لیے پکارا، تو آس پاس کے لوگوں نے موقع پر پہنچ کر پھنسے ہوئے لوگوں کو باہر نکالا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا۔
اس سے پہلے دیر رات، فتح آباد تھانہ علاقے میں آگرہ-لکھنؤ ایکسپریس وے پر کھڑے ٹرک سے ٹکرانے کے بعد مسافر بس میں آگ لگ گئی۔
حادثے میں آٹھ افراد زخمی ہو گئے۔ فائر بریگیڈ نے بس میں لگی آگ پر قابو پالیا۔ یہ حادثہ دیر رات پونے دو بجے پیش آیا۔
ویشالی ضلع کی پرائیویٹ بس نمبر ایکسپریس وے کے ذریعے دہلی سے بہرائچ جا رہی تھی۔
بس میں 60-65 مسافر سوار تھے۔ آدھی رات کے بعد کا وقت تھا، اس لیے اکثر مسافر سو رہے تھے۔
بس کی ٹکر سے تمام مسافروں کو زوردار جھٹکا لگا اور سب جاگ گئے۔ تصادم اور آگ لگنے کے بعد خوفزدہ مسافر بس سے جلدی میں اترنے لگے۔
بس کی چھت اور ٹرنک میں رکھا مسافروں کا تمام سامان جل گیا۔ حادثے میں آٹھ مسافر زخمی ہوئے، جنہیں ایمبولینس کے ذریعے سی ایچ سی فتح آباد روانہ کر دیا گیا۔
جس ٹرک سے بس کی ٹکر ہوئی وہ پتھر لے کر راجستھان کے راجسمند سے لکھنؤ جا رہا تھا۔