ایران اور روس کے درمیان 2025 ٹرانزٹ روڈمیپ پر دستخط

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران اور روس نے نقل و حمل کے شعبے میں باہمی تعاون اور تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے 2025 ٹرانزٹ روڈمیپ پر دستخط کر دیے۔ معاہدے میں رشت-آستارا ریلوے کی فوری تکمیل پر زور دیا گیا ہے۔ یہ اہم منصوبہ بین الاقوامی شمال-جنوب ٹرانسپورٹ کوریڈور کو مضبوط کرے گا جس سے یوریشیا میں تجارت اور روابط کو فروغ ملے گا۔

معاہدے پر دستخط پر پہلے ایرانی وزیر ٹرانسپورٹ اور شہری ترقی فرزانہ صادق اور روس کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ ولادیمیر ستاروویت کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں تعاون کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

فرزانہ صادق نے روسی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین مسلسل ملاقاتیں شمال-جنوب کاریڈور کی تکمیل کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے ناگزیر ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ مالی اور تکنیکی تفصیلات مکمل ہونے کے بعد ریلوے لائن کے تعمیراتی معاہدے پر مارچ 2025 تک دستخط ہو جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ رشت-آستارا ریلوے کے لیے اراضی کے حصول کا کام تیزی سے جاری ہے اور توقع ہے کہ یہ ایک سال کے اندر مکمل ہو جائے گا۔

ملاقات کے دوران روسی وزیر ٹرانسپورٹ نے ایران کی تجاویز کی حمایت کرتے ہوئے کیسپیئن ٹرانسپورٹ کنسورشیم بنانے کی تجویز دی۔

اجلاس کے اختتام پر دونوں وزراء نے 2025 ٹرانزٹ روڈمیپ اور رشت-آستارا ریلوے کے انجینئرنگ مطالعات سے متعلق ضمنی معاہدے پر باضابطہ دستخط کیے، جو دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری میں ایک اہم پیش رفت ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *