بنگلورو میں ایک 30 سالہ شخص نے پی وی آر سنیما، آئی ناکس پر فلم کی اسکریننگ سے پہلے لمبے اشتہار چلا کر اس کا 25 منٹ کا وقت برباد کرنے اور اس کی وجہ سے ذہنی الجھن ہونے کو لے کر مقدمہ دائر کیا تھا۔ اس معاملے میں کنزیومر کورٹ نے اپنا فیصلہ سناتے ہوئے شخص کو 65 ہزار روپے معاوضہ دینے کے لیے کہا ہے۔
دراصل اپنی شکایت میں ابھیشیک ایم آر نے الزام لگایا تھا کہ 26 دسمبر 2023 کو انہوں نے شام 4:05 بجے کے شو کے لیے ‘سیم بہادر’ فلم کے لیے تین ٹکٹ بک کیے تھے۔ شکایت کنندہ نے دعویٰ کیا کہ فلم 6:30 بجے ختم ہونی تھی، جس کے بعد انہوں نے اپنے کام پر لوٹنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ لیکن ایسا نہیں ہو پایا کیونکہ فلم شام 4:30 بجے شروع ہوئی، جہاں اشتہار اور فلموں کے ٹریلر دکھائے گئے، جس سے تقریباً 30 منٹ کا وقت برباد ہوا۔