مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ شائقین کا انتظار ختم ہونے کی گھڑی آ گئی،کھلاڑیوں نے آستینیں چڑھا لیں،طبل جنگ بج گیا،کون کس پر بھاری ہوگا؟ سب نے بہترین تیاری کر لی، چیمپئنز کا چیمپئن کون بنے گا؟ معرکہ آرائی بدھ کو شروع ہوگی،چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں پاکستان کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہوگا، گذشتہ دونوں باہمی میچز میں فتح کی بدولت مہمان ٹیم کے حوصلے بلند ہیں، البتہ میزبان سائیڈ نے بھی بڑے میچ میں شکستوں کا حساب چکتا کرنے کا ارادہ کر لیا، بیٹنگ میں بابر اعظم اور فخرزمان امیدوں کے محور ہوں گے،کپتان محمد رضوان اور سلمان علی آغا سے بھی عمدہ کھیل کی توقع ہے، بولرز کو رنز کے سیلاب کو روکنا ہوگا، شاہین آفریدی کا ساتھ دینے کیلیے حارث رؤف بھی فٹ ہو چکے، البتہ میدان میں اتارنے کا فیصلہ میچ سے قبل ہوگا، نسیم شاہ اور ابرار بھی کچھ کردکھانے کیلیے بے چین ہیں، دوسری جانب کیوی ٹیم کو کین ولیمسن سمیت کئی میچ ونرز کا ساتھ حاصل ہے، نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی پچ بیٹنگ کیلیے سازگار رہے گی۔
پاکستان 29 سال بعد آئی سی سی ایونٹ کی میزبان کیلیے مکمل تیار ہے،اپ گریڈیشن کے بعد تینوں اہم اسٹیڈیمز کی حالت بدل چکی، اب فیلڈ میں بہترین کھیل سے گرین شرٹس کو نہ صرف چیمپئنز ٹرافی کے اعزاز کا دفاع کرنا ہے بلکہ ہوم شائقین کی توقعات کو بھی پورا کرنا ہوگا۔