
خرطوم: سوڈان میں گزشتہ تین دنوں کے دوران نیم فوجی دستوں (آر ایس ایف) کے حملوں میں بچوں اور خواتین سمیت 200 سے زیادہ افراد ہلاک اور سیکڑوں دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
منگل کے روز میڈیا رپورٹ میں کہا گیا کہ وائٹ نیل اسٹیٹ کے دو دیہاتوں پر حملہ کیا گیا۔ یہ خطہ پہلے کسی بھی فوجی کارروائی سے مکمل طور پر پاک تھا۔
واضح رہے کہ سوڈانی فوج اور باغی آر ایس ایف اپریل 2023 سے ملک کے کنٹرول کے لیے لڑ رہے ہیں۔
ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی نے کہا کہ ملک میں جاری تنازعہ بیماریوں کے پھیلنے اور صحت کی دیکھ بھال کے نظام کے مہلک خاتمے کا باعث بن سکتا ہے۔
روس میں سوڈان کے سفیر محمد سراج نے جنوری کے اوائل میں اسپوتنک کے ساتھ ایک انٹرویو میں امید ظاہر کی تھی کہ مسلح تنازعہ 2025 میں ختم ہو جائے گا۔