
نئی دہلی: آسام کے ناگون ضلع کے روپوہی میں جمعرات کے روز کانگریس کے رکن پارلیمنٹ رقیب الحسین پر ایک مشتعل ہجوم نے حملہ کر دیا۔ حملے کے دوران ہجوم نے نہ صرف ایم پی پر بیاٹ سے وار کیا بلکہ ان کے سیکورٹی عہدیداروں سے ہتھیار چھیننے کی بھی کوشش کی۔ صورتحال کو بے قابو ہوتا دیکھ کر پولیس کو ہوائی فائرنگ کرنی پڑی، جس کے بعد ایم پی کی جان بچالی گئی۔
واقعہ کی ویڈیو وائرل ہوگئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لوگ کانگریس ایم پی کو گھیرے ہوئے ہیں جبکہ پولیس عہدیدار اپنی جان بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق، رقیب الحسین اپنے بیٹے کے ہمراہ ایک سیاسی میٹنگ میں شرکت کے لیے جا رہے تھے جیسے ہی وہ اپنی اسکوٹر پر روانہ ہوئے، ایک شخص نے ان پر بیاٹ سے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں وہ گر پڑے۔ اس موقع پر ان کے سیکورٹی عہدیداروں نے انہیں بچانے کی کوشش کی لیکن حملہ آوروں نے ان پر بھی حملہ کر دیا۔ پولیس نے حالات قابو میں رکھنے کے لیے ہوائی فائرنگ کی جس کے بعد ایم پی کو وہاں سے بحفاظت نکالا گیا۔
رقیب الحسین آسام کی دھوبری لوک سبھا سیٹ سے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ہیں۔ انہوں نے حالیہ انتخابات میں 10 لاکھ ووٹوں کے ریکارڈ فرق سے کامیابی حاصل کی تھی۔ اس سے قبل وہ 23 سال تک سماگوری اسمبلی سیٹ سے مسلسل کامیاب ہوتے رہے۔ تاہم، جب وہ ایم پی منتخب ہوئے، تو ان کے بیٹے کو سماگوری کے ضمنی انتخابات میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ میں ملوث افراد نے اپنے چہرے کالے کپڑے سے ڈھانپ رکھے تھے، جس سے ان کی شناخت مشکل ہو رہی ہے۔