جھارکھنڈ: دسویں بورڈ ہندی و سائنس کے امتحانات رَد، پیپر لیک کی خبروں کے بعد تحقیقات کا حکم

کونسل سربراہ نٹوا ہنسدا نے کہا کہ پیپر کس طرح لیک ہوا اس کی جانچ کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جائے گی، پیپر لیک کی جانکاری ملنے کے بعد چیف سکریٹری الکا تیواری نے اس معاملے پر اعلیٰ سطحی میٹنگ کی۔

<div class="paragraphs"><p>اسکولی طلبا کی علامتی تصویر / آئی اے این  ایس</p></div><div class="paragraphs"><p>اسکولی طلبا کی علامتی تصویر / آئی اے این  ایس</p></div>

اسکولی طلبا کی علامتی تصویر / آئی اے این ایس

user

جھارکھنڈ اکیڈمک کونسل (جیک) نے دسویں بورڈ کے تحت ہونے والے سائنس و ہندی کے امتحانات کو رَد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان دونوں سبجیکٹ کا سوالنامہ لیک ہونے کی تصدیق ہوتے ہی کونسل نے امتحان رد کرنے کا فیصلہ کیا۔ ہندی (کورس اے اور بی) کا امتحان 18 فروری کو لیا گیا تھا، جبکہ سائنس کا امتحان 20 فروری کو پہلی سٹنگ میں ہوا تھا۔ جھارکھنڈ اکیڈمک کونسل کے سربراہ کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے سکریٹری کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ان دونوں سبجیکٹ کا امتحان پھر سے لیا جائے گا۔ دوبارہ ہونے والے امتحانات کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

19 فروری کو سائنس کا سوالنامہ وائرل ہوا تھا۔ اس کی کاپی لے کر طلبا لیڈر دیویندر ناتھ مہتو نے بدھ کے روز کونسل کے عہدیداروں سے ملاقات کی تھی۔ جمعرات کی صبح 9.45 بجے جب امتحان شروع ہوا تو پیپر ہو بہو وہی تھا جو پہلے سے وائرل ہو رہا تھا۔ اس کی جانکاری فوری طور پر ریاستی حکومت کو دی گئی، جس کے بعد پیپر رد کرنے کی کارروائی شروع ہوئی۔

کونسل کے سربراہ نٹوا ہنسدا نے کہا کہ پیپر کس طرح لیک ہوا، اس کی جانچ کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ پیپر لیک کی جانکاری ملنے کے بعد ریاست کی چیف سکریٹری الکا تیواری نے اس معاملے پر جمعرات کی دوپہر اعلیٰ سطحی میٹنگ کی۔ حکومت نے اس کی اعلیٰ سطحی جانچ کرانے کا فیصلہ لیا ہے۔

اس سے قبل ہندی کا سوالنامہ لیک ہونے کی بھی خبریں سامنے آئی تھیں۔ طلبا لیڈر دیویندر ناتھ مہتو نے کونسل کے سکریٹری کو سونپی گئی ایک عرضداشت میں بھی اس کی جانکاری دی تھی۔ حالانکہ اس وقت کونسل نے عام نوٹیفکیشن جاری کر امتحان دہندگان سے سوالنامہ وائرل ہونے کی افواہوں سے دور رہنے کی اپیل کی تھی۔ سکریٹری کی طرف سے جاری نوٹس میں کہا گیا تھا کہ امتحان دہندگان کو گمراہ کن خبروں سے بچنا ہے۔ کونسل پوری رازداری اور غیر جانبداری کے ساتھ شفاف طریقے سے امتحان منعقد کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ریاست میں دسویں کا امتحان 11 فروری سے شروع ہوا ہے۔ اس کے لیے ریاست بھر میں 1297 مراکز بنائے گئے ہیں، جہاں مجموعی طور پر 4 لاکھ 33 ہزار 890 طلبا و طالبات امتحان میں شامل ہو رہے ہیں۔


[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *