ڈی ایس سی امیدواروں کو امتحان کی تیاری شروع کردینے کا مشورہ: سبیتا اندرا ریڈی

[]

حیدرآباد: وزیر تعلیم تلنگانہ سبیتا اندرا ریڈی نے ڈی ایس سی امیداوروں کو امتحان کی تیاریاں شروع کردینے کا مشورہ دیا۔ آج محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ جائزہ اجلاس کے بعد خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ امیدواروں کو سیاسی قائدین کے تبصروں پر توجہ نہیں دینا چاہئے۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ حکومت سرکاری اسکولس میں مخلوعہ جائیدادوں کو پُر کرنے کے لئے سنجیدگی سے کام کررہی ہے تو دوسری طرف چند افراد رکاوٹیں کھڑی کرنے میں مصروف ہیں۔ انھوں نے کہا کہ نقائص سے پاک انعقاد کے لئے امتحانات منعقد کرنے کی ذمہ داری ڈسٹرکٹ سلیکشن کمیٹی کو تفویض کی گئی ہے۔

کانگریس قیادت پر سیاسی فائدہ اٹھانے کے لئے مخلوعہ جائیدادوں کی تعداد کو بڑھا کر دکھانے کا جھوٹا الزام لگانے پر تنقید کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے کہا کہ تشکیل تلنگانہ کے بعد بی آر ایس حکومت نے شعبہ تعلیم کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور معیار تعلیم کو بلند کرنے کیلئے خطیر صرفہ کیا ہے جو کانگریس قیادت کو پسند نہیں آیا ہے۔

سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ گزشتہ 9 برسوں کے دوران حکومت نے شعبہ تعلیم کو ترقی دینے کے لئے 1,87,269 کروڑ خرچ کئے جس سے حکومت کی سنجیدگی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ تشکیل تلنگانہ کے بعد حکومت نے 2017ء میں پہلی بار ڈی ایس سی امتحان منعقد کرتے ہوئے 8972 عہدوں پر تقررات عمل میں لائے تھے۔

انھوں نے کہا کہ موجودہ مخلوعہ جائیدادوں میں گزیٹیڈ ہیڈ ماسٹر، پرائمری اسکول ہیڈ ماسٹر پوسٹس، اسکول اسسٹنٹ پوسٹس کو ترقی دیتے ہوئے پُر کیا جانا ہے۔ حکومت نے 5089ء ٹیچرس اور 1523 اسپیشل ایجوکیشن ٹیچرس کے عہدوں پر بھرتی کا فیصلہ کیا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ترقی، تبادلوں، نئے تقررات کے مکمل ہونے کے بعد اگر کوئی جائیداد مخلوعہ پائی جاتی ہے تو بھرتی کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔

سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ تشکیل تلنگانہ کے بعد سے ریسیڈنشیل اسکولس میں 11,715 ٹیچرس کے عہدوں پر تقررات کئے گئے۔ موجودہ طورپر 12150 تدریسی عملہ کے تقرر کے لئے کام جاری ہے۔ حکومت تمام اساتذہ کے مخلوعہ عہدوں کو پُر کرنے کے لئے سنجیدہ ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *