دہلی کی بی جے پی حکومت کی آئندہ ہفتہ حلف برداری کا امکان

نئی دہلی(پی ٹی آئی) دہلی میں بی جے پی حکومت کی حلف برداری تقریب 19 یا 20 فروری کو منعقد ہونے کا امکان ہے اور نئی حکومت کی اولین ترجیح پینے کے صاف پانی کی سربراہی، بہتر بلدی انفرااسٹرکچر کی فراہمی وغیرہ ہوگی۔

پارٹی قائدین نے آج یہ بات بتائی۔ بی جے پی کے نومنتخبہ رکن اسمبلی اور پارٹی کے قومی سکریٹری منجیندر سنگھ سرسا نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ وزیر اعظم اپنے بیرونی دورے سے واپس ہورہے ہیں اور عنقریب بی جے پی لیجسلیچر پارٹی کی میٹنگ کے لیے مبصرین کا تقرر کیا جائے گا۔

نئی حکومت 19 یا 20 فروری کو اپنا کام شروع کردے گی۔ راجوری گارڈن کے رکن اسمبلی نے جو چیف منسٹر یا وزارتی عہدہ کے امیدوار بھی تصور کیے جاتے ہیں، کہا کہ انھیں توقع ہے کہ بی جے پی لیجسلیچر پارٹی کا اجلاس 18 یا 19 فروری کو منعقد کیا جائے گا۔ نئی حکومت تشکیل دی جائے گی۔

میرے خیال میں حلف برداری تقریب کے بعد 20 فروری تک۔ انھوں نے چیف منسٹر دہلی کے عہدہ کے لیے کسی مسابقت کی تردید کی اور کہا کہ یہ محض میڈیا کی قیاس آرائیاں ہیں۔ لکشمی نگر حلقہ کے دوسری مرتبہ منتخب ہوئے رکن اسمبلی ابھئے ورما نے بتایا کہ چیف منسٹر دہلی کے عہدہ کے لیے کوئی دوڑ نہیں ہورہی ہے۔

ہماری پارٹی میں چیف منسٹر یا لیجسلیچر پارٹی قائد کا انتخاب ارکانِ اسمبلی کی میٹنگ میں ہوتا ہے۔ ورما نے کہا کہ ہم عوام کی خدمت کے لیے آئے ہیں اور ترقی، پینے کے صاف پانی کی سربراہی، عوام کے لیے صاف ستھری فضا اور یمنا کی آلودگی دور کرنے جیسے مسائل کے بارے میں غور کررہے ہیں۔

بی جے پی ارکانِ اسمبلی نے زور دے کر کہا کہ وزیر اعظم کے وعدہ کے مطابق آیوشمان بھارت اسکیم نئی کابینہ کی پہلی میٹنگ کے بعد ہی دہلی میں نافذ کردی جائے گی، جسے عام آدمی پارٹی حکومت نے روک رکھا تھا۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *