![برڈفلو سے خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں، غیر ضروری افواہیں پھیلانے پر سخت کارروائی کا انتباہ](https://urdu.munsifdaily.com/wp-content/uploads/2025/02/Bird-flu-4.jpg)
امراوتی: آندھرا پردیش کے وزیر کے اچن نائیڈو نے چہارشنبہ کے روز کہا کہ ریاست میں پھوٹ پڑی برڈ فلو کی وباء سے خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ متاثرہ مقامات میں وبا پر قابو پانے کیلئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں۔
وزیر افزایش مویشیان کے اچن نائیڈو نے غیر ضروری افواہیں پھیلانے والوں کو انتباہ دیا اور کہا کہ سوشل میڈیا کے چند پلاٹ فام پر ایسی افواہیں پھیلائی جارہی ہیں کہ برڈ فلو سے 40لاکھ مرغیاں ہلاک ہوچکی ہیں جبکہ صرف5.4 لاکھ مرغیاں حالیہ دنوں کے دوران ہلاک ہوئی ہیں۔ جبکہ ریاست بھر میں چکن (مرغیوں) کی تعداد10.7کروڑ بتائی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت فوری طور پر چوکس ہوگئی اور متاثرہ 4پولٹری فامس میں موجود14ہزار مرغیوں اور 340 انڈوں کو تلف کرنے اور انہیں دفن کیلئے سرکاری مشنری کو متحرک کردیا گیا۔ چیف منسٹر کی رہائش گاہ کے قریب اونداوالی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریاستی وزیر کے اچن نائیڈو نے یہ بات کہی۔
انہوں نے کہا کہ وائرل مرض سے اگر 40لاکھ مرغیاں ہلاک ہوئی ہیں تو انہیں دفنانے کیلئے بڑے بڑے گڑھے کھودنے پڑتے، کیا اتنی بڑی کا رروائی کسی کے نظروں سے اوجھل رہتی؟ یا کسی کے کیمرہ میں یہ تصاویر قید نہیں ہوتیں؟ عہدیداروں نے بتایا کہ گوداوری علاقہ کے دو مواضعات میں حالیہ دنوں پھوٹ پڑی برڈ فلو وبا پر مانیٹرنگ کیلئے جملہ721 ریاپڈ ریسپانس ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔
ضلع مغربی گوداوری کے ویلپور اور ضلع مشرقی گوداوری کے کنور اگر اہام مواضعات میں سب سے پہلے اس وبا کا پتہ چلا جس کے فوری بعد محکمہ افزایش مویشیاں کے عہدیداروں نے متاثرہ علاقوں کے2پولٹری فامس کی مرغیوں کو ہلاک کرنا شروع کردیا۔ ضلع ایلورو کے بدم پوڈی گاؤں میں 2.2لاکھ، ضلع مغربی گوداوری کے ویلپور میں 2.5 لاکھ، ضلع مشرقی گوداوری کے کنور اگراہام میں 65 ہزار اور ضلع این ٹی آر کے گمپا لا گوڑم گاؤں میں 7ہزار مرغیوں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔ وزیر نے کہا کہ متاثرہ تمام پولٹری فامس کو ریڈزون میں رکھا گیا ہے اور10کیلو میٹر کے دائرہ میں تمام چکن شاپس کو بند کردیا گیا۔
گزشتہ چند دنوں سے چکن اور انڈوں کے استعمال سے عوام کے گریز کے درمیان وزیر اچن نائیڈو نے یقین دہانی کرائی کہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے اور انہوں نے کہا کہ بیماری کا اثر کم ہورہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ درجہ حرارت میں اضافہ کے ساتھ برڈ فلو کا وائرس ختم ہوجاتا ہے اور یہ وائرل بیماری 70ڈگری سلسیس تک برقرار رہ سکتی ہے۔
انڈوں اور چکن کو70 ڈگری سلسیس سے بہت زیادہ درجہ حرارت میں پکایا جاتا ہے، اس لئے وائرس ختم ہوجاتا ہے۔ انہوں نے پولٹری فامس میں غیر صحت مندانہ طریقہ کار کو اپنا نے سے برڈ فلو کی وبا پھوٹ پڑی۔ ڈائرکٹر انیمل ہسبنڈی دامودھر نائیڈو نے دعویٰ کیا کہ ریاپڈ ریسپانس ٹیمیں فوری طور پر بیماری پر قابو پانے کے اقدامات شروع کردی ہیں وائرل بیماری سے متاثرہ علاقوں کے ایک کیلو میٹر کے دائرہ کو الرٹ زون قرار دیا گیا ہے۔
جبکہ متاثرہ گاؤں کے اطراف 10کیلو میٹر کے احاطہ کو سرویلینس ایریا قرار دیا گیا ہے۔ ان علاقوں میں چکن اور اس سے مربوط پراڈکٹس کے حمل ونقل پر تحدیدات عائد کردئیے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ الرٹ زونس سے باہر علاقوں میں ابلے انڈوں اور اچھے طریقہ سے پکائے گئے چکن کا استعمال محفوظ ہے۔