اعظم خان اور لڑکے کو مشین چوری کیس میں ضمانت منظور

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے اترپردیش کے سابق وزیراور سماج وادی پارٹی قائد محمد اعظم خان اور ان کے لڑکے عبداللہ اعظم خان کو مشین چوری کے کیس میں ضمانت منظور کرلی ہے جنہوں نے الٰہ آباد ہائی کورٹ کے حکم کو چیلنج کیا تھا۔

الٰہ آباد ہائی کورٹ نے انہیں مذکورہ کیس میں ضمانت منظور کرنے سے انکار کردیا تھا۔ جسٹس ایم ایم سندریش اور جسٹس راجیش بندل پر مشتمل بنچ نے الٰہ آباد ہائی کورٹ کے حکم کو درکنار کردیا۔

بنچ نے 10 فروری کے اپنے حکم میں کہا کہ اس کیس کے حقائق اور حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے جن میں درخواست گزاروں کی محروسی کی مدت بھی شامل ہے اور یہ کہ چارج شیٹ پہلے ہی داخل کی جاچکی ہے‘ ہم متنازعہ حکم کو درکنار کرنے اور درخواست گزاروں کو ضمانت منظور کرنے پر مائل ہیں۔

عدالت ِ عظمیٰ نے ٹرائل عدالت سے کہا کہ وہ یہ شرط عائد کرے کہ درخواست گزار مقدمہ کے مکمل ہونے تک تحقیقات میں تعاون کریں گے اور گواہوں پر اثرانداز ہونے کی کوئی کوشش نہیں کریں گے۔ اعظم خان اور ان کے لڑکے نے ہائی کورٹ کے 21 ستمبر کے حکم کو چیلنج کیا تھا۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *