![پرانے راشن کارڈز سے ناموں کو حذف کروانا ضروری (پڑھیں تفصیلات)](https://urdu.munsifdaily.com/wp-content/uploads/2025/02/ration-card-cancellation.jpg)
حیدرآباد: حکومت کی جانب سے نئے راشن کارڈز کے لئے درخواستوں کی وصولی کے اعلان کے بعد شہر کے می سیوا سنٹرس اور دفاتر راشن کارڈسرکلس پر عوام کا زبردست ہجوم دیکھا جارہا ہے۔
نئے راشن کارڈ کے لئے می سیوا پر آدھار کارڈ اور الکٹرسٹی بل طلب کیا جارہا ہے۔ اگر درخواست گزاروں کے نام پرانے راشن کارڈ میں موجود ہوں یا اپنے والدین کے راشن کارڈز میں موجود ہوں تو می سیوا پر درخواستیں قبول نہیں کی جارہی ہیں، انہیں متعلقہ سرکل آفس سے رجوع ہوکر پرانے راشن کارڈ سے ناموں کو حذف کروانے کی ترغیب دی جارہی ہے چنانچہ پرانے شہر کے راشن کارڈ آفسوں پر آج عوام بالخصوص خواتین کا زبردست ہجوم دیکھا گیا۔
جہاں دفاتر میں پرانے راشن کارڈزسے ناموں حذف کروانے کے لئے درخواستیں وصول کی جارہی ہیں۔ دفتر سرکل 3 حسینی علم کے اسسٹنٹ سپلائی آفیسر محمد اسلم خان نے بتایا کہ پرانے راشن کارڈز سے ناموں کو حذف کروانے کے لئے درخواست گزاروں کو تانتا بندھا رہا۔
گزشتہ دو روز کے دوران ہزاروں درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔ ان درخواستوں کی آن لائن یکسوئی اور ناموں کے حذف کرنے کے بعد ہی نئے راشن کارڈز کا اجرائی کا عمل شروع ہوگا۔ اگر کوئی درخواست گزار کا نام اپنے والدین کے کارڈ میں موجود رکھتے ہوئے نئے راشن کارڈز کی درخواست دی جائے تو قابل قبول نہیں ہوگی۔
اس طرح اگر کوئی اپنے بچوں اور دیگر افراد خاندان کے نام کا موجود راشن کارڈ میں اندراج کروانا چاہتے ہیں تو بھی انہیں بھی سابقہ کارڈ سے نام نکلوانا ہوگا اور اگر چھوٹے بچوں کا نام اندراج کروانا ہے تو بچوں کے آدھار کارڈ اور پیدائش سرٹیفکیٹس کے ساتھ می سیوا میں درخواست دے سکتے ہیں۔
اس طرح اگر کوئی شادی شدہ خاتون نیا راشن کارڈ حاصل کرنا چاہتی ہیں تو انہیں اپنے والدین کے کارڈز سے نام حذف کرکے اس کے ساتھ آدھار کارڈ، میریج سرٹیفکیٹس یا نکاح نامہ کی کاپی اور الکٹرسٹی بل کی کاپی کے ساتھ می سیوا پر درخواست آن لائن دینا ہوگا۔