22 بہمن کی ریلیوں میں عوام کی تاریخی شرکت نے خادمین ملت کے عزم کو مضبوط کیا، صدر پزشکیان

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے ایک بیان میں 22 بہمن کی تقریبات اور ریلیوں میں عوامی جوش و خروش پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت، امام خمینی (رہ) کی اعلی تعلیمات اور رہبر معظم انقلاب مدظلہ العالی کی دانشمندانہ ہدایات کی روشنی میں تمام مشکلات اور چیلنجز کے باوجود ایرانی عوام کی مزید خدمت کے لیے پرعزم ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ کے صبر، بصیرت اور جوش و خروش نے انقلاب اسلامی کی 46ویں سالگرہ کی تقریبات کو قومی اتحاد اور یکجہتی کا ناقابلِ فراموش مظہر بنادیا۔ آپ کی شرکت نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ اسلامی انقلاب اور نظام جمہوریہ اسلامی ایران کی جڑیں عوام میں مضبوط ہیں۔ یہ پرجوش شرکت ہمارے لیے امید کی نئی کرن لے کر آئی ہے اور ایک بار پھر سختیوں کے موسم میں بہار کی نوید سنائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ عظیم الشان اتحاد ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران دشمن قوتیں ظالمانہ اقتصادی پابندیوں، معاشی دباؤ اور منفی پروپیگنڈے کے ذریعے قوم کو مایوس اور انقلاب کے مقاصد سے دور کرنا چاہتی تھیں۔ ایسے حالات میں ایرانی بیدار قوم نے ثابت کر دیا کہ وہ دشمن کی سازشوں کا ادراک رکھتی ہے اور اپنی انقلابی اقدار پر ثابت قدم ہے۔

یہ قومی یکجہتی ہم سب، بالخصوص عوامی خدمت گزاروں کی ذمہ داری کو مزید بڑھا دیتی ہے، تاکہ ہم آپ کے اعتماد کے جواب میں پہلے سے زیادہ خدمت اور ترقی کے لیے سرگرم رہیں۔

صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ حکومت ایرانی عوام کی سیاسی اور سماجی میدانوں میں بیداری پر بھروسہ کرتے ہوئے، امام خمینی (رہ) کی اعلی تعلیمات اور رہبر معظم انقلاب مدظلہ العالی کی دانشمندانہ ہدایات کی روشنی میں تمام مشکلات اور چیلنجز کے باوجود، قوم کی مزید خدمت کے لیے پرعزم ہے۔

صدر پزشکیان نے انقلاب اسلامی اور دفاعِ مقدس کے شہداء کی یاد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں پورے ملک کے نجیب اور قدرشناس عوام، سیاسی جماعتوں اور تمام تنظیموں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *