مدھیہ پردیش کے جبل پور کے سِہورا کے پاس ایک بڑا سڑک حادثہ پیش آیا ہے۔ شہر سے 50 کلومیٹر دور جبل پور سے پریاگ جانے والی قومی شاہراہ-30 پر کمبھ سے لوٹتے وقت ایک ٹریولر تیز رفتار ٹرک کی زد میں آ گئی جس سے اس کے پرخچے اڑ گئے۔ اس حادثے میں 7 لوگوں کی موت ہو گئی جبکہ کئی افراد زخمی ہوئے ہیں۔
جائے وقوع پر پہنچی ایس ڈی او پی پارول شرما نے بتایا کہ حادثہ صبح 9 بجے کے قریب ہوا۔ حادثہ کی شکار ہوئی گاڑی آندھرا پردیش کی ہے اور اس میں سوار سبھی لوگ آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے ہی تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس گاڑی کے ٹھیک پیچھے ایک دوسری کار کی بھی اس سے ٹکر ہوئی لیکن کار کے ایئر بیگ کھل جانے سے اس میں بیٹھے ہوئے سبھی لوگ بچ گئے۔ حادثے میں زخمی ہوئے لوگوں کو سِہورا کے اسپتال اور میڈیکل کالج ریفر کیا گیا ہے۔